دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی سہ ماہی میں 2 کروڑ 34 لاکھ مسافر، دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے کی حیثیت برقرار

دبئی، 30 اپریل، 2025 (وام) — دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ‘DXB’ نے 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 کروڑ 34 لاکھ مسافروں کا خیرمقدم کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.5 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، اور ایئرپورٹ کی دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے کی حیثیت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 میں ‘DXB’ نے اپنی تاریخ کی بلند ترین ماہانہ مسافر آمد ریکارڈ کی، جب 85 لاکھ افراد نے ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کیا۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ‘DXB’ سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے بھارت 30 لاکھ مسافروں کے ساتھ سرفہرست رہا، جس کے بعد سعودی عرب سے 19 لاکھ، برطانیہ سے 15 لاکھ، پاکستان سے 10 لاکھ، امریکہ سے 8.04 لاکھ، اور جرمنی سے 7.38 لاکھ مسافر ایئرپورٹ پر ریکارڈ کیے گئے۔ اگر شہروں کے اعتبار سے جائزہ لیا جائے تو لندن 9.35 لاکھ مسافروں کے ساتھ سب سے آگے رہا، جس کے بعد ریاض سے 7.59 لاکھ، جدہ سے 6.27 لاکھ، ممبئی سے 6.15 لاکھ، اور نئی دہلی سے 5.64 لاکھ مسافر ‘DXB’ سے گزرے۔ یہ اعداد و شمار دبئی کے ایئرپورٹ کے وسیع بین الاقوامی نیٹ ورک اور مختلف خطوں سے اس کی مضبوط فضائی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔

عید، موسم بہار کی تعطیلات اور سال کے آغاز پر سیاحتی سفر میں نمایاں اضافہ ہوا۔
چیک ریپبلک (+30.6٪)، ویتنام (+28.6٪)، اور اسپین (+20.2٪) جیسے مقامات کے لیے ٹریفک میں دوہرے ہندسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کارگو کے شعبے میں معمولی 3.6 فیصد کمی ہوئی، جہاں 5.17 لاکھ ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا۔

'DXB' کی کامیابی صرف اعداد و شمار کی نہیں بلکہ انسانی جذبے کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
"لازٹ اینڈ فاؤنڈ" ٹیم نے صرف 30 منٹ میں دبئی پولیس کے تعاون سے وہ بیگ واپس کیا جس میں 1,02,000 درہم، پاسپورٹس اور اہم دستاویزات تھیں۔

ایک اور جذبہ انگیز لمحہ تب سامنے آیا جب امیگریشن افسر عبداللہ البلوشی نے ایک مسافر کو اپنے والد کے ساتھ رخصت سے قبل کچھ اور لمحے گزارنے کا موقع دیا۔ اس عمل کو عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سراہتے ہوئے کہاکہ، "سلام ہے اُس پر جو کسی مسافر کے چہرے پر خوشی لائے — یہی ہے وہ دبئی جس کی ہم خواہش رکھتے ہیں۔"

دبئی ایئرپورٹس کے سی ای او پال گرفِتھس نے کہا کہ, "پہلی سہ ماہی کی کارکردگی صرف مہمانوں کی تعداد نہیں بلکہ اس معیار کی بھی عکاس ہے جو ہماری ٹیم مسلسل فراہم کر رہی ہے۔ یہ ایک اجتماعی کامیابی ہے۔"

ایئرپورٹ نے 1.11 لاکھ پروازیں ریکارڈ کیں، جن میں فی پرواز اوسطاً 215 مسافر شامل تھے۔
2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بیگز پروسیس کیے گئے، جن میں گمشدگی کی شرح فی 1,000 مہمان صرف 1.95 رہی — یعنی 99.8 فیصد کامیابی۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ‘DXB’ نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مہمانوں کے سفر کو مزید سہل بنایا ہے، جہاں بایومیٹرک پاسپورٹ کنٹرول اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے نظام کے تحت 95 فیصد مسافروں کو کم سے کم انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ساتھ "People of Determination" یعنی خصوصی افراد کے لیے سہولیات میں بھی نمایاں بہتری کی گئی، تاکہ ان کے سفر کو زیادہ باوقار اور آسان بنایا جا سکے۔

ادارہ جاتی سطح پر ‘DXB’ کو 2025 میں ‘گیلپ غیر معمولی ورک پلیس ایوارڈ’ سے نوازا گیا، جو ایئرپورٹ کے مثالی کام کے ماحول اور ملازمین کی وابستگی کا اعتراف ہے۔ مزید برآں، مارچ 2025 میں ‘DXB’ کو مسلسل گیارھویں سال دنیا کا سب سے مصروف بین الاقوامی ہوائی اڈہ قرار دیا گیا، جو اس کی عالمی اہمیت اور خدمات کے اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ فی الحال، ‘DXB’ دنیا کے 106 ممالک میں 269 مقامات سے 101 بین الاقوامی ایئرلائنز کے ذریعے مسافروں کو جوڑ رہا ہے، جو اسے عالمی سطح پر ایک کلیدی سفری مرکز بناتا ہے۔