یو اے ای میڈیا کونسل کی ابوظبی انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں بھرپور شرکت، متعدد تربیتی ورکشاپس اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد

ابوظہبی، 30 اپریل، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی میڈیا کونسل نے ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2025 کے افتتاحی ہفتے کے دوران متعدد تفاعلی تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا، جو ملک میں میڈیا کے منظرنامے کو ترقی دینے اور علم و تخلیق پر مبنی پائیدار میڈیا ماحول کو فروغ دینے کے وژن کا عملی مظہر ہیں۔

فیئر میں یو اے ای میڈیا کونسل کے اسٹال نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے زائرین، میڈیا ماہرین، مواد تخلیق کرنے والوں، اور کمیونٹی نمائندگان کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ اسٹال پر تربیتی ورکشاپس اور آگاہی سیشنز کا اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد میڈیا خواندگی کو فروغ دینا اور اشاعتی صنعت سے جڑے افراد کی رہنمائی تھا۔

کونسل کے سیکریٹری جنرل، محمد سعید الشحی نے میلے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جدید ترین اشاعتوں و ثقافتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد مقامی و بین الاقوامی پبلشرز سے ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو علم، اشاعت، اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اور امارات کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جو علم کی ترویج اور عالمی ثقافت میں مؤثر کردار ادا کرنے پر مبنی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یو اے ای میڈیا کونسل جلد ہی ایک نیا اشاعتی نظام متعارف کرانے جا رہی ہے جو اشاعتی عمل کو تیز، مؤثر اور مسابقتی بنانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کونسل اشاعتی صنعت کو بااختیار بنانے کے لیے لچکدار ضوابط، جدید ڈیجیٹل سہولیات، اور ثقافتی تبادلے کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

میڈیا خواندگی کو فروغ دینے کے لیے کونسل کی جانب سے مختلف موضوعات پر خصوصی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ ان میں ایک اہم ورکشاپ "میڈیا مواد کے معیارات اور عمر کی درجہ بندی" پر تھی، جس کا مقصد مختلف عمر کے ناظرین کے لیے موزوں مواد کی تیاری پر رہنمائی فراہم کرنا تھا، تاکہ سماجی اقدار کا تحفظ اور ایک محفوظ میڈیا ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

اسی طرح، "انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس (IPR)" سے متعلق ورکشاپ میں کاپی رائٹ، اشاعتی قوانین اور تخلیقی حقوق کے تحفظ پر روشنی ڈالی گئی۔ اس نشست میں میڈیا اور ثقافتی شعبوں کے ممتاز افراد نے شرکت کی۔

ایک اور ورکشاپ "انفلوئنسر رجسٹریشن گیٹ وے" کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں مواد تخلیق کاروں کے لیے رجسٹریشن پلیٹ فارم پر آگاہی دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل انفلوئنسرز کے حقوق کا تحفظ اور قومی میڈیا معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

کونسل نے بچوں کے لیے موزوں میڈیا مواد کے انتخاب پر والدین اور اساتذہ کے لیے بھی ایک خصوصی ورکشاپ منعقد کی، جس میں 9 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کے لیے نفسیاتی و علمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مواد کے معیارات بیان کیے گئے۔