دبئی، 30 اپریل، 2025 (وام)--دبئی ایرو اسپیس انٹرپرائز ‘DAE’ نے 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 85.8 ملین امریکی ڈالر کا خالص منافع ریکارڈ کیا ہے، جو 2024 کی اسی مدت میں حاصل شدہ 67.8 ملین ڈالر کے مقابلے میں 26.5 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ٹیکس سے قبل منافع میں 45 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 101.2 ملین ڈالر ہو گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی میں یہ 69.7 ملین ڈالر تھا۔
رپورٹ کے مطابق، کمپنی کی مجموعی آمدنی 15.2 فیصد اضافے کے ساتھ 395.9 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 343.6 ملین ڈالر تھی۔ اس ترقی کا سہرا بنیادی طور پر مرمت کی آمدنی میں اضافے اور طیاروں کی فروخت سے حاصل شدہ منافع کو جاتا ہے۔
'DAE' کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، فیروز ترپورے نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، "2025 کی پہلی سہ ماہی مالی اور آپریشنل دونوں حوالوں سے غیر معمولی رہی۔ ہمارا پری ٹیکس منافع مارجن 25 فیصد سے تجاوز کر گیا جبکہ ریٹرن آن ایکویٹی 13 فیصد تک پہنچا، جو ہمارے اسکیل ایبل بزنس ماڈل اور مؤثر آپریٹنگ ڈھانچے کی عکاسی کرتا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ سہ ماہی کے دوران ‘DAE’ نے نورڈک ایوی ایشن کیپیٹل (NAC) کے 2.0 ارب امریکی ڈالر انٹرپرائز ویلیو پر حصول کے معاہدے پر دستخط کیے، جس کے مکمل ہونے پر کمپنی کے بیڑے میں تقریباً 200 طیارے شامل ہو جائیں گے، جب کہ مزید 25 طیارے ایئربس اور اے ٹی آر سے آرڈر کیے جا چکے ہیں۔
کمپنی نے اس سہ ماہی میں جدید نسل کے 17 ایندھن بچانے والے طیاروں کی خریداری کے معاہدے بھی کیے، جو 11 مختلف ایئرلائنز کو 10 ممالک میں لیز پر دیے جائیں گے۔ ان سودوں پر 1.0 ارب امریکی ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
'DAE' نے ایک نیا منیجڈ اثاثہ کلائنٹ بھی حاصل کیا ہے، جس کے ذریعے کمپنی طیاروں کے مکمل لائف سائیکل مینجمنٹ کی خدمات فراہم کرے گی۔
کمپنی کی انجینئرنگ یونٹ 'Joramco' نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کی آمدنی میں 31 فیصد اور منافع میں 71 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔