ابوظہبی، 30 اپریل، 2025 (وام)-- متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج قصر الشاطی، ابوظہبی میں جمہوریہ لبنان کے صدر، عزت مآب جوزف عون سے ملاقات کی، جو ان کے سرکاری دورۂ امارات کے دوران عمل میں آئی۔
شیخ محمد بن زاید نے لبنانی صدر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے لبنان میں پائیدار ترقی، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اور عرب دنیا و عالمی برادری میں لبنان کے کلیدی کردار کی بحالی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امارات اور لبنان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی امور، اور باہمی دلچسپی کے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے، تاکہ تمام اقوام کو ترقی، تحفظ اور خوشحالی حاصل ہو۔
شیخ محمد بن زاید نے دونوں اقوام کے درمیان باہمی احترام، قدردانی اور اخوت پر مبنی تاریخی روابط کو سراہتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ بیروت میں اماراتی سفارت خانے کا دوبارہ کھلنا نہ صرف لبنان میں ترقی و استحکام کی حمایت کا مظہر ہے، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان نئے اور مثبت تعاون کے ایک مرحلے کی شروعات بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات لبنان کے ریاستی اداروں کو مستحکم بنانے، اس کی خودمختاری، سلامتی، اور قومی وحدت و علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
لبنانی صدر جوزف عون نے شیخ محمد بن زاید کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لبنان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفادات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات میں شرکت کرنے والوں میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، شیخ عبداللہ بن زاید النہیان؛ نائب چیئرمین صدارتی عدالت برائے خصوصی امور، شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان؛ مشیر صدر مملکت، شیخ محمد بن حمد بن تہنون النہیان؛ سیکریٹری جنرل سپریم کونسل برائے قومی سلامتی، علی بن حمد الشامسی؛ صدر مملکت کے سفارتی مشیر، ڈاکٹر انور قرقاش؛ وزیر مملکت، خلیفہ شاہین المرر؛ صدارتی دفتر برائے اسٹریٹجک امور و ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین، ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی؛ معاون وزیر برائے سیاسی امور، لانا نسیبہ؛ اور بیروت میں اماراتی سفارت خانے کے ناظم الامور، فہد الکعبی شامل تھے۔
لبنانی صدر کے ہمراہ آنے والے وفد میں وزیر خارجہ و تارکین وطن، یوسف راجی، اور دیگر اعلیٰ سطحی لبنانی حکام شامل تھے۔