العین، 1 مئی، 2025 (وام)--العین انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکویسٹرین ایگزیبیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن عزت مآب شیخ ہزاع بن زاید آل نہیان، نمائندہ حکمران العین ریجن، کی سرپرستی میں 26 سے 30 نومبر 2025 تک ایڈینک مرکز العین میں منعقد ہو گا۔
یہ نمائش ایڈنیک گروپ اور امارات فالکنرز کلب کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں شکار کے سازوسامان، باز پروری (falconry)، اونٹ و گھڑسواری کے کھیل، سالوکی (عرب شکاری کتے)، اور دنیا بھر سے مہم جوئی و سفاری کے ماہر ادارے شرکت کریں گے۔
ایڈنیک گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او، حمید مطر الظاہری نے کہا کہ، "العین میں اس نمائش کا آغاز ابوظبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکویسٹرین ایگزیبیشن کے 22 سالہ کامیاب تجربے کا تسلسل ہے۔ العین کا انتخاب اس کی ثقافتی وراثت اور آؤٹ ڈور اسپورٹس، کیمپنگ اور مہم جوئی کے شعبوں میں مضبوط مقامی مارکیٹ کے باعث کیا گیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ، "یہ نمائش 12,000 مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط ہو گی، جس میں شکار، جانوروں کی دیکھ بھال، اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق تازہ ترین اختراعات اور سازوسامان پیش کیے جائیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس کا پہلا ایڈیشن العین اور ابوظہبی کی نمائشوں کی شاندار تاریخ میں ایک نیا کامیاب باب ہو گا۔"
نمائش کے گیارہ اہم شعبہ جات میں مختلف موضوعات اور دلچسپیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں فنون اور دستکاری شامل ہیں، جو روایتی ہنر مندی اور مقامی ثقافت کو اجاگر کریں گے۔ 4x4 گاڑیاں اور آؤٹ ڈور اسپورٹس کا سازوسامان شائقینِ مہم جوئی کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث ہوں گے۔ کیمپنگ کے آلات اور سہولیات کی نمائش مہم جو سیاحوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ فالکنری (باز پروری)، جو اماراتی ثقافت کا اہم جزو ہے، اس نمائش کا مرکزی پہلو ہوگا۔
اس کے علاوہ اونٹوں اور گھڑسواری سے متعلق جدید اور روایتی پہلو بھی نمایاں کیے جائیں گے، جب کہ سالوکی کتے، جو عرب شکار کا روایتی حصہ ہیں، ان کے لیے بھی مخصوص شعبہ مختص کیا گیا ہے۔ ویٹرنری مصنوعات اور آلات کا شعبہ جانوروں کی دیکھ بھال میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اہم ہوگا۔ ماحولیاتی اور ثقافتی تحفظ کے شعبے میں پائیداری اور روایتی ورثے کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔ موبائل ہومز (RV) اور شکار و سفاری سروسز کے شعبے ان زائرین کے لیے ہوں گے جو جدید طرز زندگی، سیاحت اور فطرت سے ہم آہنگ تجربات کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان تمام شعبہ جات کا مقصد ثقافت، کھیل اور جدید طرز زندگی کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔
س نمائش میں روایتی قہوے کی تیاری کے مقابلے، مقامی کھانوں کے مقابلے، اور تمام عمر کے زائرین کے لیے تبادلۂ ثقافت اور تفاعلی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں گھوڑوں کے شو، ثقافتی مظاہرے، اور ماحولیاتی پروگرامز شامل ہوں گے۔