دی ہیگ، 5 مئی 2025 (وام)--عالمی عدالت انصاف (ICJ) نے سوڈانی مسلح افواج (SAF) کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف دائر مقدمہ کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اسے مقدمے پر دائرہ اختیار حاصل نہیں، جس کے بعد کیس کو عدالت کے ریکارڈ سے باضابطہ طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نتیجہ اس بات کی تصدیق ہے کہ سوڈانی الزامات بے بنیاد اور قانونی جواز سے محروم تھے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ میں نائب معاون وزیر برائے سیاسی امور اور عالمی عدالت انصاف میں شریک نمائندہ ریِم کتیت نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ، "یہ فیصلہ بالکل واضح اور قطعی ہے — اس مقدمے کی کوئی قانونی یا حقیقی بنیاد نہیں تھی۔
آج کا فیصلہ اس کوشش کو مسترد کرتا ہے جس کے ذریعے سوڈانی مسلح افواج عدالت کو غلط معلومات اور گمراہ کن دعوؤں کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے توجہ ہٹا سکے۔"
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی عدالتی نظام کی سالمیت کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی عدالت انصاف نے ایک مثالی فیصلہ سنایا ہے جو قانون اور حقیقت پر مبنی ہے۔
ریِم کتیت نے کہا کہ جیسے جیسے سوڈان کی خانہ جنگی تیسرے سال میں داخل ہو رہی ہے،"ہم سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز دونوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر، بغیر کسی شرط کے، جنگ بند کریں، مذاکرات کا آغاز کریں اور انسانی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالیں۔"
انہوں نے کہا کہ سوڈان میں جاری انسانی بحران کا خاتمہ صرف سیاسی مذاکرات، جنگ بندی اور عوامی مفاد پر مبنی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ریِم کتیت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سوڈان میں ایک ایسا سیاسی نظام قائم کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے جو مکمل طور پر سول قیادت پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا، "یہ نہایت ضروری ہے کہ فوجی اداروں کا اثر و رسوخ اس سیاسی عمل سے مکمل طور پر ختم کیا جائے، تاکہ ایک آزاد، شفاف اور پائیدار ریاستی ڈھانچہ وجود میں آ سکے۔"
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان تمام افراد اور عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جو سوڈان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث رہے ہیں۔
ریِم کتیت نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ، "یو اے ای اپنے علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سوڈانی عوام کے لیے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔"