صدر شیخ محمد بن زاید کی جانب سے صدر سامعہ حسن کو ’’مدر آف دی نیشن آرڈر‘‘ سے نوازا گیا، یو اے ای اور تنزانیہ کے درمیان متعدد معاہدے طے

دارالسلام، 5 مئی، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمہوریہ متحدہ تنزانیہ کی صدر عزت مآب ڈاکٹر سامعہ سُلحُو حسن کو ’’مدر آف دی نیشن آرڈر‘‘ کے اعزاز سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز صدر سامعہ کی جانب سے پائیدار ترقی، سماجی ہم آہنگی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی گئی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

اعزاز کی رسمی پیشکش شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات، نے تنزانیہ کے دارالحکومت دارالسلام میں ایک اہم ملاقات کے دوران کی، جو ان کے مشرقی افریقہ کے سرکاری دورے کا آغاز بھی تھا۔

ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے تنزانیہ کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں اور ترقی کی خواہشات پر مبنی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر تنزانیہ کے وزیر خارجہ و مشرقی افریقی تعاون محمود ثابت کومبو بھی موجود تھے۔

صدر سامعہ حسن نے بھی اماراتی صدر کے لیے خیرسگالی اور ترقی کی خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو سراہا۔

فریقین نے ملاقات کے دوران اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات تنزانیہ کے ساتھ پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مؤثر شراکت داری قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ملاقات کے بعد منعقدہ تقریب میں متحدہ عرب امارات اور جمہوریہ متحدہ تنزانیہ کے درمیان متعدد اہم معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں۔ سب سے پہلے، کسٹمز کے انتظامی تعاون سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس پر امارات کی جانب سے وزیرِ مملکت شیخ شخبوت بن نہیان آل نہیان اور تنزانیہ کی جانب سے وزیر خزانہ مویگولو ایل. انکیمبا نے دستخط کیے۔

دوسرا معاہدہ کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر مبنی تھا، جس پر تنزانیہ کے وزیر برائے معدنیات انتھونی پیٹر مافندے اور یو اے ای کی جانب سے شیخ شخبوت بن نہیان نے دستخط کیے۔

اسی طرح، دوطرفہ بزنس کونسل کے قیام سے متعلق ایک اور مفاہمتی یادداشت طے پایا، جس پر متحدہ عرب امارات کی طرف سے معاون وزیر برائے اقتصادی و تجارتی امور، سعید مبارک الہاجری اور تنزانیہ کی طرف سے ونسنٹ منجا نے دستخط کیے۔ یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو نئی جہت دینے کی غرض سے اہم سنگ میل قرار دیے جا رہے ہیں۔

تقریب میں وزیرِ مملکت نورة بنت محمد الکعبی اور متحدہ عرب امارات کے سفیر خلیفہ عبد الرحمن المرزوقی بھی شریک تھے، جنہوں نے ان اقدامات کو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔