دبئی، 5 مئی، 2025 (وام) --ایمریٹس انٹیگریٹڈ ٹیلی کمیونی کیشنز کمپنی ‘PJSC ’Du نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 7.4 فیصد سالانہ بنیاد پر مجموعی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جو کہ کمپنی کے سروس اور غیر سروس شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظہر ہے۔
کمپنی کے مطابق، 'EBITDA' (قبل از سود، ٹیکس، فرسودگی اور اخراجات) میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جس کے باعث 'EBITDA' مارجن 47.4 فیصد تک پہنچ گیا۔ نتیجتاً کمپنی کا خالص منافع 19.8 فیصد بڑھا، جو کہ کمپنی کی مستحکم مالی حکمت عملی اور آپریشنل کارکردگی کا عکس ہے۔
’Du‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فہد الحسوی نے اس مثبت پیش رفت کو کمپنی کی جانب سے آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کی پالیسی، متحدہ عرب امارات کے مضبوط اقتصادی ماحول اور صارفین کی بدلتی ترجیحات پر مؤثر ردِعمل سے منسوب کیا۔
سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی کی کل آمدنی 3.8 ارب درہم تک پہنچ گئی۔موبائل سروسز سے حاصل ہونے والی آمدنی 1.7 ارب درہم رہی، جس میں 7.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاجبکہ، فکسڈ سروسز کی آمدنی 10.2 فیصد اضافے کے ساتھ 1.1 ارب درہم تک پہنچ گئی، جو کمپنی کے ریٹیل اور بزنس سلوشنز کے فروغ کا مظہر ہے۔
کمپنی کے موبائل صارفین کی تعداد اب 9 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، جو صارفین کے اعتماد اور کمپنی کی خدمات میں وسعت کی علامت ہے۔