دبئی، 5 مئی، 2025 (وام) --دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن (DFF) کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے آج "ہوی دبئی" (Hewi Dubai) نامی ایک نئے اقدام کا اعلان کیا، جس کا مقصد دبئی میں انسان دوست اور سماجی طور پر مربوط عوامی مقامات کا قیام ہے۔
یہ اقدام روایتی اماراتی فریج (محلے) کے زندہ دل ماحول کو جدید انداز میں بحال کرنے کی کوشش ہے، تاکہ خاندانی اقدار، ہمسائیگی کے رشتے، اور فعال طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔
شیخ حمدان بن محمد نے کہاکہ، "ہمارے معاشرے کی بنیاد ان قریبی تعلقات پر ہے جن پر اماراتی خاندان پروان چڑھتے ہیں۔ ان اقدار کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہماری ذمے داری ہے، اور اس کا آغاز ایسے عوامی مقامات کی تخلیق سے ہونا چاہیے جہاں ہمسائے مل بیٹھ سکیں، خاندان جمع ہوں، بزرگ اپنی کہانیاں بانٹیں، اور بچے محفوظ ماحول میں یادگار لمحات گزاریں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ، "یہ نئے مقامات روایتی پارکوں کی طرح نہیں ہوں گے بلکہ ہماری ثقافتی شناخت اور مستقبل کے وژن کا مظہر ہوں گے — یہ دبئی میں عوامی مقامات کی نئی تعریف پیش کریں گے۔"
اس اقدام کے تحت "ہوی ند الشبا 4" کا منصوبہ دبئی فیوچر فاؤنڈیشن اور دبئی میونسپلٹی کی شراکت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ مقام ایک مسجد اور رہائشی علاقے کے درمیان واقع ہے، جو پیدل چلنے کے لیے موزوں ماحول اور فطری ہم آہنگی کے سبب منتخب کیا گیا ہے۔
یہ پارک "ون سائز فٹس آل" طرز کے عوامی مقامات سے ہٹ کر، رہائشیوں کی ضروریات، مقامی ثقافت، اور روزمرہ زندگی کے تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پارک کی نمایاں خصوصیات میں ہر عمر اور طبقے کے افراد کے لیے خصوصی گوشے شامل کیے گئے ہیں۔ مسجد کے قریب واقع سایہ دار جگہ "الڈچہ" بزرگوں کے لیے مخصوص ہے، جہاں وہ عربی قہوہ یا چائے کے ساتھ بیٹھ کر سکون سے اپنی یادیں اور کہانیاں بانٹ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی "الساحہ" کے نام سے ایک لچکدار اندرونی و بیرونی جگہ مختص کی گئی ہے جو کمیونٹی تقریبات، ورکشاپس اور سماجی اجتماعات جیسے مواقع کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ خاندانوں کے لیے "الیلسہ" ایک آرام دہ نشستوں پر مشتمل گوشہ ہے جو بچوں کے کھیلنے کے علاقے کے سامنے واقع ہے، تاکہ والدین ایک ہی وقت میں آرام بھی کر سکیں اور بچوں پر نظر بھی رکھ سکیں، نیز غیر رسمی ملاقاتوں کے لیے بھی یہ جگہ موزوں ہے۔
پارک میں فطرت سے متاثرہ کھیل کے علاقے اور پیدل چلنے کے لیے گھومتی ہوئی پگڈنڈیاں شامل کی گئی ہیں، جو مختلف نسلوں کے درمیان روابط کو فروغ دیتی ہیں اور ایک ایسا ماحول پیدا کرتی ہیں جو قدرتی اور مانوس محسوس ہوتا ہے۔