دبئی، 6 مئی 2025 (وام)--معروف عالمی انویسٹمنٹ بینکنگ اور اثاثہ جات کے انتظام کی فرم ‘ای ایف جی ہرمیس’ نے متحدہ عرب امارات، بالخصوص دبئی کی معاشی حکمت عملی کو مؤثر اور مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بنیاد فعال رئیل اسٹیٹ مارکیٹ، مستحکم سیاحتی سرگرمیوں اور ترقی پذیر ریٹیل سیکٹر پر ہے۔
یہ بات ای ایف جی ہرمیس کے عالمی سربراہ برائے انویسٹمنٹ بینکنگ، مصطفیٰ جاد نے تیسرے MENA کیپیٹل مارکیٹس سمٹ کے موقع پر وام نیوز ایجنسی سے خصوصی گفتگو میں کہی۔
مصطفیٰ جاد نے کہا کہ خاندانی ملکیت والی بڑی کمپنیاں اب کیپیٹل مارکیٹس میں داخلے کے لیے پبلک لسٹنگ پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں، تاکہ نہ صرف کاروباری وسعت حاصل ہو بلکہ لیکویڈیٹی میں اضافہ، سیکیورٹیز کی تنوع پذیری، اور کارپوریٹ گورننس میں بہتری بھی آئے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ 2025 اور 2026 کے دوران خاندانی کاروباروں کی لسٹنگ میں نمایاں اضافہ ہوگا، خصوصاً ان پالیسی اقدامات کی روشنی میں جو حکومت کی جانب سے نجی کاروباری اداروں کو کیپیٹل مارکیٹ میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
خلیجی خطے کی کیپیٹل مارکیٹس پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ جاد نے کہا کہ گزشتہ برس دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب اور کویت کی مارکیٹس نے شاندار کارکردگی دکھائی، جس میں آئی پی اوز (Initial Public Offerings) کا تنوع قابلِ ذکر رہا۔
انہوں نے دبئی میں طلبات (Talabat) کے آئی پی او کو اسٹریٹجک سنگِ میل قرار دیا، جس سے ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا رجحان مزید مستحکم ہوگا۔
مصطفیٰ جاد نے بتایا کہ سال 2025 کا آغاز ابوظہبی میں الفا ڈیٹا کی لسٹنگ کے ساتھ مثبت انداز میں ہوا ہے۔ اگرچہ حالیہ مہینوں میں کچھ عالمی و علاقائی غیر یقینی حالات موجود رہے، تاہم خلیجی ممالک میں آئی پی او سرگرمیاں دوبارہ بھرپور انداز میں فعال ہو گئی ہیں، جو خطے کی اقتصادی بحالی اور سرمایہ کاری کی کشش کو ظاہر کرتی ہیں۔