ریڈ کراس کا انتباہ: امدادی کارکنوں پر حملے پوری انسانیت پر وار ہیں

جنیوا، 7 مئی 2025 (وام) — عالمی یومِ ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے موقع پر جاری ایک مشترکہ بیان میں بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس (ICRC) اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (IFRC) نے واضح طور پر کہا ہے کہ "کسی بھی انسانی ہمدردی کے کارکن پر حملہ دراصل اُس پوری کمیونٹی پر حملہ ہے جس کی وہ خدمت کر رہا تھا۔"

یہ بیان آئی سی آر سی کی صدر مرجانہ اسپولیاریچ ایگر اور آئی ایف آر سی کی صدر کیٹ فوربز نے مشترکہ طور پر جاری کیا، جس میں انہوں نے کہاکہ، "اس عالمی دن پر ہم ان ساتھیوں کا سوگ مناتے ہیں جنہیں زندگی بچاتے ہوئے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ان کی شہادت صرف رسمی اظہار افسوس نہیں بلکہ فوری عملی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اب مزید قوانینِ جنگ کی خلاف ورزیوں اور جان بوجھ کر انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو نشانہ بنانے پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔ ایسے ہر حملے کو نہ صرف انسانی خدمت پر حملہ بلکہ انسانی ہمدردی کے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی تصور کیا جانا چاہیے۔

رہنماؤں نے کہا کہ مارچ میں فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے کارکنوں کا قتل ایک عالمی صدمہ تھا، مگر یہ واقعہ کوئی تنہا واقعہ نہیں۔ امدادی کارکنوں کو ایمبولینس چلاتے، امداد تقسیم کرتے اور متاثرہ علاقوں تک پہنچتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مشترکہ بیان میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سال 2025 کے آغاز ہی میں 10 امدادی کارکن جان سے جا چکے ہیں، جب کہ سال 2024 انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے لیے بدترین سال ثابت ہوا جس میں صرف ریڈ کراس/کریسنٹ تحریک کے 38 رضاکار اور ملازمین ہلاک ہوئے۔

بیان کا اختتام ان الفاظ پر ہواکہ، "ریاستوں اور جنگی فریقین کی یہ براہ راست ذمہ داری ہے کہ وہ اس خطرناک رجحان کو روکیں، انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو تحفظ فراہم کریں، بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کریں، اور مشترکہ انسانیت کا دفاع کریں۔ اب عمل کا وقت ہے، تاخیر کی گنجائش نہیں۔"