خالد بن محمد بن زاید کی موجودگی میں یاس آئی لینڈ، ابوظہبی پر ڈزنی تھیم پارک ریزورٹ منصوبے کا اعلان

ابوظہبی، 7 مئی 2025 (وام)--ابو ظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے یاس آئی لینڈ پر ڈزنی تھیم پارک ریزورٹ کے منصوبے کے اعلان کا مشاہدہ کیا ، جو دی والٹ ڈزنی کمپنی اور مرال کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر شیخ خالد بن محمد نے کہا کہ یہ تفریحی منصوبہ نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ امارت ابوظہبی کی عالمی سطح پر تفریحی سیاحت کے شعبے میں اہم مقام کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تخلیقی اور ثقافتی معیشت اب اقتصادی تنوع اور قومی پیداوار (GDP) میں اضافے کا ایک کلیدی ستون بن چکی ہے، جو قومی ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔

منصوبے کے اعلان کے وقت، ولی عہد کے ہمراہ محکمہ ثقافت و سیاحت – ابوظہبی اور مرال کے چیئرمین محمد خلیفہ المبارک، محکمہ بلدیات و نقل و حمل کے چیئرمین محمد علی الشروفہ، ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے سیکریٹری جنرل سیف سعید غباش، اور مرال گروپ کے سی ای او محمد عبداللہ الزعابی بھی موجود تھے۔

مرال، جو ابوظہبی میں تفریحی مقامات کی تخلیق کے لیے معروف ادارہ ہے، نے دی والٹ ڈزنی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ یاس آئی لینڈ کے واٹر فرنٹ پر نیا ڈزنی تھیم پارک ریزورٹ تیار کیا جا سکے۔ اس پارک کا قیام دنیا کے ساتویں ڈزنی تھیم پارک کے طور پر ہوگا، جو کیلیفورنیا، فلوریڈا، ٹوکیو، پیرس، ہانگ کانگ اور شنگھائی کے بعد ایک نئی بین الاقوامی منزل کے طور پر سامنے آئے گا۔

محمد خلیفہ المبارک نے کہا کہ ابوظہبی ایک ایسا منفرد ماڈل پیش کرتا ہے جہاں قدیم ورثہ اور مستقبل بینش یکجا ہوتے ہیں، اور جہاں ماضی کی حفاظت کے ساتھ ساتھ روشن کل کے لیے بنیادیں بھی رکھی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی اور ڈزنی کے درمیان شراکت وژنری قیادت اور تخلیقی مہارت کا شاندار امتزاج ہے، جو نئی نسلوں کو ایک نیا تخیلاتی جہان عطا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منفرد تجربات اور سیاحتی کشش کے ذریعے، ابوظہبی خاندانی اور ثقافتی سیاحت کے عالمی مرکز کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔

یہ نیا ریزورٹ مرال کی جانب سے مکمل طور پر تعمیر اور تیار کیا جائے گا، جبکہ ڈزنی تخلیقی ڈیزائن، تفریحی مقامات کی تیاری اور آپریشنل امور کی نگرانی کرے گا تاکہ عالمی معیار کی مہمان نوازی یقینی بنائی جا سکے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد، مرال ہی اس تفریحی مقام کا انتظام سنبھالے گا، اور اس کی وسیع تجربہ کاری سے فائدہ اٹھایا جائے گا جو اس نے یاس آئی لینڈ اور ابوظہبی میں دیگر معروف امریکی و یورپی برانڈز کے ساتھ شراکت کے تحت حاصل کی ہے۔

دی والٹ ڈزنی کمپنی کے سی ای او باب آئیگر نے کہا کہ یہ منصوبہ ڈزنی کے لیے ایک اور اہم خطے میں اپنی مشہور کہانی گوئی کے ذریعے ایک بالکل نیا تھیم پارک تجربہ پیش کرنے کا زبردست موقع ہے، جو ثقافتی، تفریحی اور تکنیکی اعتبار سے ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی کی بین الاقوامی حیثیت، عالمی ثقافت کے لیے کشادگی، اور مستقبل بینی کی سوچ اسے ایک بہترین مقام بناتی ہے جہاں ڈزنی لاکھوں نئی فیملیز تک رسائی حاصل کر سکے گا۔

ڈزنی ایکسپیرینسز کے چیئرمین جوش ڈی آمارو کے مطابق اس ریزورٹ کا تصور تھیم پارک ڈیزائن کی حدود کو وسعت دے گا، جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور منفرد طرز تعمیر شامل ہوں گے، بشمول ایک جدید محل (castle) جو اس سے قبل کہیں نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ، امریکہ میں فلوریڈا اور کیلیفورنیا میں جاری توسیعی منصوبوں کے ساتھ مل کر، ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کرے گا اور ڈزنی کی اگلی توسیعی دہائی کا آغاز کرے گا۔