دبئی فنانشل مارکیٹ کا آئی ویسٹر ایپ میں اے آئی پر مبنی دو نئے فیچرز کا اجرا

دبئی، 7 مئی، 2025 (وام)--دبئی فنانشل مارکیٹ نے آج اپنی سرمایہ کاری ایپ "آئی ویسٹر" میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے دو نئے فیچرز ‘سمارٹ ڈسکلوزرز’ اور ‘فنانشل سمری’ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد سرمایہ کاروں کو کمپنیوں کی معلومات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچرز مدینت جمیرہ میں منعقدہ تیسری مینا کیپٹل مارکیٹ سمٹ کے دوران متعارف کروائے گئے، اور یہ آئی ویسٹر ایپ کی حالیہ اپ ڈیٹس کا حصہ ہیں، جو اب سرمایہ کاروں کو ایپ کے ذریعے براہ راست دبئی فنانشل مارکیٹ کے شیئرز کی خرید و فروخت کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔

سمارٹ ڈسکلوزرز خودکار طور پر کمپنی کے طویل اعلانات کا تجزیہ کر کے اہم نکات کا مختصر خلاصہ پیش کرتا ہے، جبکہ فنانشل سمری کمپنی کی مالی کارکردگی کا سادہ اور قابلِ فہم جائزہ فراہم کرتی ہے، جس میں آمدنی، منافع، اور فی شیئر آمدنی جیسے کلیدی اشاریے شامل ہوتے ہیں۔

ان فیچرز کا مقصد سرمایہ کاروں، خاص طور پر نئے اور نوجوان سرمایہ کاروں، کو مارکیٹ میں بااعتماد اور تیز فیصلہ سازی میں مدد دینا ہے۔ اس کے ذریعے مالی بیانات کا تجزیہ آسان بنایا گیا ہے، جس سے مختلف پس منظر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس موقع پر دبئی فنانشل مارکیٹ اور ناسڈاک دبئی کے سی ای او، حامد علی نے کہاکہ،"عالمی منڈیوں میں سادہ اور بہتر سرمایہ کاری تجربے کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔ ہمارے لیے معلومات تک رسائی میں بہتری لانا سرمایہ کاری میں شمولیت کے دروازے کھولنے کا حصہ ہے۔ یہ فیچرز اسی رجحان کا حصہ ہیں، جو ہماری مقامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہیں۔"

یہ اپ ڈیٹس آئی ویسٹر ایپ کی 2024 میں کی جانے والی بڑی تبدیلی کے بعد کی گئی ہیں، جس میں ایپ کو ڈیویڈنڈ سے مکمل سرمایہ کاری پلیٹ فارم میں تبدیل کیا گیا۔ اب یہ ایپ سرمایہ کاروں کو IPO میں سبسکرپشن، نجی سرمایہ کاری (Arena) تک رسائی، پورٹ فولیو مینجمنٹ، فنڈز کی منتقلی اور مارکیٹ کی سرگرمیوں کی نگرانی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

فی الوقت آئی ویسٹر کے 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد صارفین ہیں، جن کا تعلق 100 سے زائد قومیتوں سے ہے۔ سمارٹ ڈسکلوزرز اور فنانشل سمری کی شمولیت کے ساتھ دبئی فنانشل مارکیٹ سرمایہ کاری کے تجربے کو ڈیجیٹل اور عملی سطح پر مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔