ابو ظہبی، 8 مئی، 2025 (وام)-- میرال اور دی والٹ ڈزنی کمپنی نے یاس آئی لینڈ، ابو ظبی میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے پہلے ڈزنی تھیم پارک ریزورٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر کے تفریحی اور سیاحتی شعبے میں ایک تاریخی باب کا آغاز کر دیا ہے۔
اس یادگار موقع کا جشن یاس لنکس پر منعقد ہونے والے ایک ریکارڈ ساز 9,000 ڈرونز پر مشتمل روشنیوں کے مظاہرے اور شاندار آتشبازی کے ساتھ منایا گیا، جس میں دنیا کے معروف موسیقار لینگ لنگ، مشہور اماراتی گلوکار راشد النعیمی، ویسٹ اینڈ کی اداکارہ کیری ایلس، اور کلاسیکل فنکارہ سونیا بلسارا نے دل موہ لینے والے لائیو پرفارمنس پیش کیے۔
اس عظیم الشان تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیات جیسے ٹائریس گبسن، ناؤمی کیمبل، نینسی عجرم، چیارا فیرگنی، اور ایڈ ویسٹ وِک کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین، تفریحی صنعت کے رہنما، اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
یاس آئی لینڈ کے ساحلی مناظر کو پس منظر بناتے ہوئے، یہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ کا سب سے بڑا ڈرون لائٹ شو تھا، جو میرال اور ڈزنی کے تخلیقی وژن اور تخیلاتی روح کی علامت تھا۔ یہ ریزورٹ مشرق وسطیٰ سے افریقہ، بھارت، ایشیا، یورپ اور دیگر خطوں کے مہمانوں کو جوڑنے کا ذریعہ بنے گا۔
اعلان کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے نمایاں مقامات جیسے برج خلیفہ اور الدار ہیڈ کوارٹر کو ڈزنی کے مخصوص تخیلاتی مناظر سے متاثر روشنیوں سے منور کیا گیا، جبکہ ابو ظہبی کی بلند و بالا عمارات نیلے رنگ کی روشنیوں سے جگمگا اٹھیں، جو کہ امارت میں تفریح و سیاحت کے ایک نئے دور کی علامت تھا۔
منصوبے کے تحت، ریزورٹ کی مکمل ترقی اور تعمیر میرال کے زیر نگرانی ہو گی، جبکہ ڈزنی اور اس کے "امیجینئرز" تخلیقی ڈیزائن اور عملیاتی نگرانی کی ذمہ داری سنبھالیں گے، تاکہ زائرین کو ایک خالص ڈزنی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ یہ منصوبہ نہ صرف ڈزنی کی مشہور کہانیوں، کرداروں اور تفریحی کششوں کو شامل کرے گا بلکہ ابو ظہبی کی ثقافتی وراثت اور ساحلی خوبصورتی کو بھی مربوط کرے گا۔
یہ اعلان یاس آئی لینڈ کی بطور ایک بین الاقوامی تفریحی اور سیاحتی مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے۔ میرال اور ڈزنی کی یہ شراکت داری ابو ظبی کو عالمی معیار کی تفریحی منزل کے طور پر فروغ دینے کے عزم کی عکاس ہے۔
ریزورٹ کے ڈیزائن، تفریحی مقامات، اور تکمیل کے وقت سے متعلق مزید تفصیلات منصوبے کی پیش رفت کے ساتھ بتدریج جاری کی جائیں گی۔