دبئی، 8 مئی، 2025 (وام)-- متحدہ عرب امارات نے 2024/2025 کی اوپن ڈیٹا انوینٹری (ODIN) رپورٹ میں عالمی سطح پر دسواں مقام حاصل کیا ہے، جو کہ ایک غیرمعمولی سنگ میل ہے۔ اس رینکنگ میں امارات نے امریکہ، جرمنی، سویڈن، نیدرلینڈز اور کینیڈا جیسے ترقی یافتہ ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ پیش رفت متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل حکومت اور کھلے ڈیٹا کے فروغ میں عالمی قیادت کی تصدیق کرتی ہے، جو شفافیت، اختراع اور مؤثر پالیسی سازی پر مبنی حکمرانی کی ایک مثال ہے۔
اوپن ڈیٹا واچ (ODW) کی جانب سے دو سال میں ایک بار جاری کی جانے والی اس رپورٹ میں 197 ممالک کے قومی شماریاتی دفاتر کی ویب سائٹس پر شائع کردہ ڈیٹا کی جامعیت اور شفافیت کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں معیشت، مالیات، سماج، ماحولیات، تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبے شامل ہوتے ہیں۔
امارات نے مالیاتی و بینکاری اعدادوشمار، غذائی تحفظ و غذائیت، اور قیمتوں و افراط زر کے انڈیکس میں عالمی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ، عالمی تجارتی انڈیکس اور تعلیمی نتائج انڈیکس میں دوسرا مقام حاصل کیا، جہاں متحدہ عرب امارات نے حیران کن طور پر 54 درجے ترقی کی۔ دیگر کئی شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی دیکھی گئی، جن میں ماحولیاتی ڈیٹا، صحت، اور صنفی توازن جیسے اہم اشاریے شامل ہیں۔
اوپن ڈیٹا انڈیکس (ODIN) رپورٹ میں درجہ بندی کے لیے 64 اشاریے شامل کیے گئے تھے، جو کہ ممالک کی سرکاری کھلی ڈیٹا پلیٹ فارمز پر دستیاب شماریاتی معلومات کی دستیابی، معیار، بین الاقوامی معیارات سے مطابقت، مشین ریڈ ایبل فارمیٹ، میٹا ڈیٹا کی موجودگی، اور جغرافیائی حدود کی جامعیت کو جانچتے ہیں۔ اس درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات نے ڈیٹا کی شفافیت میں 92 پوائنٹس، ڈیٹا کوریج میں 74 پوائنٹس، اور مجموعی طور پر 84 پوائنٹس حاصل کیے، جو عالمی سطح پر اس کی پیش رفت اور شفاف ڈیجیٹل حکمرانی کا مظہر ہیں۔
اس موقع پر مجید سلطان المسمار، ڈائریکٹر جنرل، ٹی ڈی آر اے (TDRA) نے کہا کہ یہ کامیابی یو اے ای کی ڈیجیٹل پالیسیوں اور ترقیاتی اہداف کے انضمام کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ، "یہ درجہ بندی اس امر کی عکاس ہے کہ یو اے ای عالمی سطح پر ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہا ہے، اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے ایک قابلِ اعتماد پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔"
حنان اہلی، منیجنگ ڈائریکٹر، وفاقی مرکز برائے مسابقت و شماریات (FCSC) کے مطابق یہ کامیابی شفافیت، کھلے پن اور ڈیٹا پر مبنی ترقی کے مستقبل کے ماڈل کا عکس ہے، جس کی بنیاد یو اے ای کی دور اندیش قیادت نے رکھی ہے۔
اوپن ڈیٹا ایسا شماریاتی اور معلوماتی ذخیرہ ہوتا ہے جو بغیر کسی رکاوٹ کے عوامی رسائی، اشتراک، اور استعمال کے لیے دستیاب ہوتا ہے۔ یہ پالیسی دنیا بھر کی حکومتیں اپنا رہی ہیں تاکہ پالیسی سازی، تحقیق، اور شہری شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔