یو اے ای میں بینکنگ ٹرانسفرز کی مالیت دو ماہ میں 15.5 فیصد بڑھی، مجموعی حجم 3.4 ٹریلین درہم تک پہنچ گیا

ابو ظہبی، 8 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین بینکنگ آپریشنز کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک کے اندر بینکاری نظام کے ذریعے انجام دی گئی مالیاتی منتقلیوں کی مالیت رواں سال کے پہلے دو مہینوں (جنوری اور فروری) میں 15.5 فیصد اضافے کے ساتھ 3.4 ٹریلین درہم تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 2.962 ٹریلین درہم تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق، اس میں سے بینکوں کی جانب سے انجام دی گئی منتقلیوں کی مالیت 2.093 ٹریلین درہم رہی، جن میں 1.1 ٹریلین درہم جنوری میں اور 983.99 ارب درہم فروری میں منتقل کیے گئے۔

دوسری جانب، صارفین اور اداروں کی جانب سے کی گئی منتقلیوں کی مالیت 1.327 ٹریلین درہم ریکارڈ کی گئی، جس میں 677.65 ارب درہم جنوری میں اور 649.48 ارب درہم فروری میں شامل ہیں۔

چیکوں کی کلئرنگ کے حوالے سے، امیج چیک کلئرنگ سسٹم (ICCS) کے تحت پہلے دو ماہ میں 3.875 ملین چیک پروسیس کیے گئے جن کی مالیت 234.64 ارب درہم رہی، جبکہ 2024 کی اسی مدت میں 3.8 ملین چیک کے ذریعے 216.218 ارب درہم کی کلئرنگ ہوئی تھی۔ صرف فروری میں، چیکوں کی تعداد 1.828 ملین اور کل مالیت 116.165 ارب درہم رہی۔

مرکزی بینک کے مطابق، رواں سال کے ابتدائی دو ماہ میں کیش نکلوانے کی مالیت 41.131 ارب درہم اور کیش جمع کرانے کی مالیت 31.115 ارب درہم ریکارڈ کی گئی۔

بینکاری اشاریوں سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر 2.1 فیصد اور سال کی ابتدا سے 3.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ فروری کے اختتام پر بینکنگ شعبے کی مجموعی سرمایہ کاری 758.5 ارب درہم تک پہنچ گئی، جو جنوری کے آخر میں 742.9 ارب اور دسمبر 2024 کے آخر میں 735.6 ارب درہم تھی۔