ابو ظہبی، 13 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی قومی ایئرلائن اتحاد ایئرویز نے اپریل 2025 کے لیے اپنی مسافر برداری کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جو کمپنی کی مضبوط ترقی اور کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
ایئرلائن نے اپریل کے دوران 1.7 ملین مسافروں کو سفر کرایا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے، جو اتحاد کی مستحکم ترقی کی رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔ ایئرلائن نے اپریل میں 89 فیصد مسافر لوڈ فیکٹر ریکارڈ کیا، جو اپریل 2024 میں 84 فیصد تھا، جبکہ اپنی بڑھائی گئی پروازوں کی گنجائش اور فضائی بیڑے کی وسعت کو برقرار رکھا۔
سال 2025 کے ابتدائی چار ماہ میں اتحاد ایئرویز نے 6.7 ملین مسافروں کو خوش آمدید کہا، جو 2024 کے اسی عرصے سے 1 ملین زیادہ ہے۔ کمپنی کا ہدف ہے کہ 2025 میں 21 ملین سے زائد مسافروں کو سفر کرایا جائے، جو ایئرلائن کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔
اتحاد ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انتونوالڈو نیویس نے کہاکہ، "اپریل ہمارے لیے ایک اور غیر معمولی مہینہ رہا، جس میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد مسافروں کا اضافہ ہوا۔ پہلے چار مہینوں میں تقریباً 7 ملین مہمانوں کی میزبانی کے ساتھ، ہم 2025 کو ایک اور تاریخی سال بنانے کی سمت میں مضبوط پیش قدمی کر رہے ہیں۔"
انہوں نے مزید بتایاکہ، "اپریل میں 89 فیصد لوڈ فیکٹر اس بات کی تصدیق ہے کہ مسافر اب بھی اتحاد کو اس کی معیاری خدمات، وسیع نیٹ ورک اور مجموعی قدر کے لیے منتخب کر رہے ہیں۔ ہم اس سال 21 ملین سے زائد مہمانوں کو لے جانے کے راستے پر ہیں، جو ہماری تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔"
نیویس نے زور دیا کہ، "ہم موسم گرما کی مصروف سفری مدت کی طرف بڑھتے ہوئے اپنی ترقیاتی حکمت عملی پر توجہ مرکوز رکھیں گے، جبکہ وہ بہترین سفری تجربہ بھی فراہم کریں گے جس کی ہمارے مہمان ہم سے توقع کرتے ہیں۔"