الانصاری فنانشل سروسز کا پہلی سہ ماہی میں 7 فیصد آپریٹنگ آمدنی اور 10 فیصد خالص منافع میں اضافہ

دبئی، 14 مئی، 2025 (وام)--الانصاری فنانشل سروسز پی جے ایس سی نے 2025 کی پہلی سہ ماہی کے لیے مضبوط مالی نتائج رپورٹ کیے ہیں، جن میں آپریٹنگ آمدنی سال بہ سال 7 فیصد اضافے کے ساتھ 294 ملین درہم رہی۔

کمپنی کا خالص منافع سال بہ سال 10 فیصد بڑھ کر 109 ملین درہم ہو گیا، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 98.7 ملین درہم تھا۔ 'EBITDA' سال بہ سال 13 فیصد بڑھ کر 138 ملین درہم ہو گیا، جبکہ EBITDA مارجن 46.8 فیصد رہا، جو آپریٹنگ آمدنی میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

کمپنی نے کل لین دین میں سال بہ سال 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، جو 12.5 ملین تک پہنچ گیا۔ بینک نوٹ لین دین کی مالیت 6 فیصد بڑھ کر 22 ارب درہم رہی، جبکہ اجرت تحفظ نظام (WPS) کے تحت تنخواہوں کی ادائیگی میں 27 فیصد اضافہ ہوا، جو 2.5 ملین تک پہنچ گئی۔

ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے لین دین میں سال بہ سال 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کل آؤٹ ورڈ ریمیٹینسز کا 24 فیصد رہا، جو ال انصاری کی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔

گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ال انصاری فنانشل سروسز راشد اے ال انصاری نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز اور سخت مسابقت کے باوجود ہم نے اپنے بنیادی شعبوں میں مستحکم ترقی حاصل کی، جس کا سہرا منظم حکمت عملی اور صارفین کے تجربے پر بھرپور توجہ کو جاتا ہے۔

ڈپٹی گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ال انصاری فنانشل سروسز محمد بیتار نے کہا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے لیے ایک اہم پیش رفت BFC کے حصول کا عمل مکمل کرنا رہا، جو ال انصاری کی علاقائی ترقی کی حکمت عملی میں ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ کمپنی نے ڈیجیٹل والیٹ متعارف کرایا ہے، جو صارفین کے مالیاتی انتظام کے انداز کو بدلنے اور مارکیٹ میں جدت کو فروغ دینے کی توقع ہے۔