صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی ملاقات؛ دوطرفہ تعلقات اور خطے کے استحکام پر گفتگو

ابوظہبی، 14 مئی، 2025 (وام)--صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج قصر الشاطی ابوظہبی میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے صدر مملکت کے لیے نیک تمناؤں اور متحدہ عرب امارات کی ترقی و خوشحالی کی خواہشات پر مبنی پیغامات پہنچائے۔

صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے اپنی دلی دعاؤں کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے امارات اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی حالات بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے کے تمام عوام کے مفاد میں علاقائی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں ولی عہد دبئی، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم، ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان، صدارتی کورٹ برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدر مملکت کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی بن حمد الشامسی، صدر کے دفتر برائے اسٹریٹجک امور کے چیئرمین اور ابوظبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔