وزیرِ خاندان سنا بنت محمد سہیل: خاندان پائیدار ترقی کی بنیاد ہے، امارات خاندانی پالیسیوں کی حمایت جاری رکھے گا

ابوظہبی، 15 مئی، 2025 (وام)--وزیرِ خاندان سنا بنت محمد سہیل نے بین الاقوامی یومِ خاندان کے موقع پر کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات خاندان کو پائیدار ترقی کی بنیاد کے طور پر مضبوط بنانے اور اس کی حمایت کے عزم پر قائم ہے۔

اس موقع پر اپنے بیان میں وزیرِ خاندان نے کہا کہ خاندان قوم کی شناخت اور ترقی کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے قیام سے لے کر آج تک خاندان قومی ترقی کے مرکز میں رہا ہے، جو نسلوں کے لیے دیکھ بھال، حمایت اور جذباتی و فکری استحکام کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ، "متحدہ عرب امارات میں خاندان صرف ایک سماجی اکائی نہیں بلکہ وہ مرکز ہے جس پر نسلیں اپنی دیکھ بھال، حمایت اور استحکام کے لیے انحصار کرتی ہیں۔ خاندان قومی شناخت اور اماراتی ثقافت کے فروغ کے ساتھ روایات کو نسل در نسل منتقل کرنے میں کردار ادا کرتا ہے، تاکہ ہماری جڑیں ہمارے عظیم ورثے اور روشن مستقبل سے جڑی رہیں۔"

وزیرِ خاندان کے مطابق اس سال بین الاقوامی یومِ خاندان کا موضوع متحدہ عرب امارات کے وژن سے ہم آہنگ ہے، جو تمام شعبوں میں پائیدار نظام کے کلیدی محرک کے طور پر خاندان کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ، "متحدہ عرب امارات میں ہمارا یقین ہے کہ خاندان پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ ہم خاندانی بنیاد پر پالیسیوں کو آگے بڑھانے اور خاندانوں کو مضبوط اور بااختیار بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، جو ہمارے معاشروں اور مشترکہ مستقبل کی پائیدار بنیاد ہے۔"