یونس حاجی الخوری: صدر ٹرمپ کا دورہ امارات-امریکہ اقتصادی شراکت داری کو نئی تحریک دے گا

ابوظہبی، 15 مئی، 2025 (وام)--وزارت خزانہ کے انڈر سیکریٹری یونس حاجی الخوری نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متحدہ عرب امارات کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی قیادتوں کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام کی عکاسی کرتا ہے، اور اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جو دونوں ممالک معاشی اور مالیاتی شعبوں سمیت مختلف کلیدی میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے پر دیتے ہیں، جو اس پائیدار شراکت داری کے بنیادی ستون ہیں۔

الخوری کے مطابق وقت کے ساتھ امارات-امریکہ تعلقات ایک وسیع اور مستقبل پر مرکوز شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔"ہم نے سرمایہ کاری، اختراع، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، قابل تجدید توانائی اور تجارت جیسے شعبوں میں مضبوط تعلقات استوار کیے ہیں، جو دونوں ممالک کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ اس تعاون کو آگے بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے، جس کے تحت مستقبل بین مالیاتی پالیسیوں کی تشکیل، امریکی مالیاتی اور سرمایہ کاری اداروں کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا، اور عالمی اقتصادی فورمز میں ہم آہنگی کو فروغ دینا شامل ہے۔

الخوری نے کہا کہ، "ہم وزارت خزانہ میں امریکہ کے ساتھ اپنی اقتصادی اور مالیاتی شراکت داری کو دو طرفہ و کثیر الجہتی فریم ورکس، علم کے تبادلے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں تعاون کے ذریعے مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔"

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ، "اگلا مرحلہ امارات-امریکہ مالیاتی تعلقات میں اختراع، پائیداری اور طویل مدتی ترقی کے مشترکہ وژن پر مبنی نئی تحریک لے کر آئے گا۔"