اماراتی صدر کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’آرڈر آف زاید‘ سے نوازا گیا

ابوظہبی، 15 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’آرڈر آف زاید‘ سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت کو دیا جانے والا سب سے بڑا قومی اعزاز ہے۔

یہ اعزاز امارات اور امریکہ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں صدر ٹرمپ کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دیرینہ شراکت داری پر امارات کے فخر کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے صدر ٹرمپ کی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ، "صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’آرڈر آف زاید‘ سے نوازنا اُن کی اُن کوششوں کا اعتراف ہے جن کے ذریعے انہوں نے امارات اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیا، اور ہم اس کے ذریعے مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔"