شیخ مکتوم بن محمد سے چینی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو

دبئی، 19 مئی، 2025 (وام)---دبئی کے پہلے نائب حکمران، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ، عزت مآب شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم نے عوامی جمہوریہ چین کے متحدہ عرب امارات میں سفیر ژانگ یِمِنگ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اور پائیدار ترقیاتی اہداف کی حمایت کرنے والے کلیدی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان قائم گہرے دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر مزید پیش رفت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اس موقع پر فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

چینی سفیر نے اس امر پر اظہارِ تشکر کیا کہ امارات اور چین کے درمیان تعلقات کو اعلیٰ قیادت کی سطح پر بھرپور توجہ اور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے علاقائی اور عالمی سطح پر قائدانہ کردار کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک پائیدار تعاون کے مضبوط بنیادوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے مالیاتی امور، محمد بن ہادی الحسینی بھی موجود تھے۔