متحدہ عرب امارات کی جنوبی افریقہ میں جی20 تجارتی و سرمایہ کاری ورکنگ گروپ اجلاس میں شرکت

ابوظہبی، 19 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے مغربی کیپ صوبے میں منعقدہ جی20 کے تجارتی و سرمایہ کاری ورکنگ گروپ (TIWG) کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔ یہ اجلاس جنوبی افریقہ کی جی20 صدارت کے تحت تین روزہ فورم کی صورت میں منعقد کیا گیا۔

اماراتی وفد کی قیادت وزارت معیشت میں بین الاقوامی تجارتی امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری، جمعہ الکیت نے کی۔ انہوں نے فورم کے دوران کھلی، اصولوں پر مبنی تجارت کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اسے اقتصادی خوشحالی، پائیدار ترقی، اور سبز ترقی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔

فورم میں جی20 رکن ممالک، مدعو ممالک، اور بین الاقوامی تنظیموں کے 100 سے زائد نمائندگان نے شرکت کی، جنہوں نے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق کلیدی مسائل پر گفتگو کی۔ اس فورم میں تیار کردہ فریم ورک، نومبر 2025 میں جوہانسبرگ میں ہونے والے جی20 رہنماؤں کے اجلاس کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔

جمعہ الکیت نے اپنے خطاب میں ایک جامع اور شراکت دار تجارتی ایجنڈے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اقتصادی لچک اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی خارجہ تجارت اور سرمایہ کاری کی پالیسیز ابھرتی ہوئی منڈیوں میں ترقی، تنوع اور نمو کو فروغ دے رہی ہیں اور افریقہ میں علاقائی انضمام کی کوششوں کی بھی معاونت کر رہی ہیں۔

انہوں نے ابوظہبی پورٹس کی جانب سے افریقہ میں بندرگاہوں اور لاجسٹکس کے شعبے میں 800 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری اور ڈی پی ورلڈ کے خشک بندرگاہوں کے نیٹ ورک کا حوالہ دیا، جو خشکی سے گھرے ممالک کو عالمی سپلائی چین سے منسلک کر رہا ہے۔

انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کو عالمی تجارت میں شامل کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے اقدامات، بالخصوص "جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے" (CEPA) پروگرام، کا بھی ذکر کیا۔

جمعہ الکیت نے کہاکہ، “جی2020 کے تجارتی و سرمایہ کاری ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا جب عالمی معیشت اور کثیرالجہتی تجارتی نظام کو چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے دنیا کی بڑی معیشتوں کا یکجا ہو کر مشترکہ راستہ طے کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کی گفتگو نے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ تجارت نہ صرف ترقی، تنوع اور اختراع کا محرک ہے بلکہ یہ سبز اور مساوی مستقبل کی تشکیل میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی تجارت کے ضوابط کو بہتر بنانے اور ان پر عملدرآمد کے فریم ورک پر اتفاق رائے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، اور یہ اجلاس اس سمت میں ایک مؤثر پیش رفت ثابت ہوا ہے۔

واضح رہے کہ جی20 تجارتی و سرمایہ کاری ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس 29 تا 31 جولائی کو جنوبی افریقہ کے گوٹینگ صوبے کے علاقے مولڈرز ڈرفٹ میں منعقد کیا جائے گا، جو جوہانسبرگ کے شمال مغرب میں واقع ہے۔