دبئی انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کی شرح میں نمایاں اضافہ

ابوظہبی، 19 مئی، 2025 (وام)--ٹی کوم گروپ PJSC میں ایگزیکٹو نائب صدر برائے صنعتی امور، سعود ابو الشوارب کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی مہینوں کے دوران دبئی انڈسٹریل سٹی کی جانب سے حاصل کیے گئے مثبت اشاریے اس بات کا مظہر ہیں کہ رواں سال صنعتی ترقی اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے حوالے سے غیرمعمولی ثابت ہوگا۔

انہوں نے "میک اٹ ان دی ایمریٹس" فورم کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2024 کے آغاز سے ہی دبئی انڈسٹریل سٹی نے مضبوط ترقی کا مظاہرہ کیا، جہاں کام کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور سال کے اختتام تک یہ تعداد 1,100 سے تجاوز کر گئی۔

اسی طرح، پیداواری عمل میں شامل ہونے والی فیکٹریوں کی تعداد میں بھی 16 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور مجموعی فیکٹریوں کی تعداد 350 سے زائد ہو گئی۔ یہ پیش رفت امارت کو صنعتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مرکزی مقام بنانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے اور صنعتی شعبے کے مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں اضافے کا باعث بنی ہے۔

خوراک و مشروبات کے شعبے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سال 2024 کے آغاز میں دبئی انڈسٹریل سٹی نے 350 ملین درہم سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کی، جو اس اہم اسٹریٹجک شعبے میں شہر کی مرکزی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف مقامی بلکہ علاقائی سطح پر بھی بڑھتی ہوئی مانگ کا سامنا کر رہا ہے۔

نئی سرمایہ کاری کے رجحانات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بجلی گھروں کی تعمیر، ملازمین کی رہائش گاہوں کی توسیع، اور نئی صنعتی پلاٹس کی فراہمی جیسے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے مزید منفرد اقدامات کا اعلان جلد متوقع ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دبئی انڈسٹریل سٹی، متحدہ عرب امارات کی صنعت کو مقامی سطح پر فروغ دینے کی کوششوں میں بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے، اور ایک مربوط، پائیدار اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے ذریعے صنعتی شعبے کے قومی GDP میں کردار کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔