ادنوک اور ایمریٹس گلوبل ایلومینیم کے درمیان 50 کروڑ ڈالر کا معاہدہ

ابوظہبی، 20 مئی، 2025 (وام)--ابو ظہبی میں جاری "میک اٹ ان دی ایمریٹس" ایونٹ کے دوران ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) اور ایمریٹس گلوبل ایلومینیم (EGA) کے درمیان 50 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کا پانچ سالہ سپلائی معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت 1.5 ملین ٹن تک "کلسائنڈ پیٹرولیم کوک" فراہم کی جائے گی، جو ایلومینیم کی تیاری میں استعمال ہونے والا کلیدی خام مال ہے۔

معاہدے کے مطابق، ادنوک ریفائننگ آئندہ پانچ برسوں کے دوران روایس ریفائنری سے ایمریٹس گلوبل ایلومینیم کی "کلسائنڈ پیٹ کوک" کی کم از کم 30 فیصد ضروریات پوری کرے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف متحدہ عرب امارات کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا بلکہ مقامی صنعتی صلاحیتوں کو بھی فروغ ملے گا۔

اس موقع پر وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ADNOC کے منیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او، ڈاکٹر سلطان احمد الجابر، اور ایمریٹس گلوبل ایلومینیم کے منیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ کلبان بھی موجود تھے۔

معاہدے پر ادنوک ڈاؤن اسٹریم کے سی ای او، خالد سلمین، اور ایمریٹس گلوبل ایلومینیم کے سی ای او، عبدالناصر بن کلبان نے دستخط کیے۔

یہ شراکت داری متحدہ عرب امارات کی صنعتی خود انحصاری کو فروغ دینے کے حکومتی وژن کے عین مطابق ہے، اور ایلومینیم جیسے کلیدی شعبے میں مقامی سپلائی چین کو مستحکم بنانے کی جانب ایک عملی قدم ہے۔