دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا ویزا ایپلیکیشن سینٹر افتتاح کے بعد فعال، عالمی نقل و حرکت میں اہم سنگ میل

دبئی، 20 مئی، 2025 (وام) – دبئی کے وافی سٹی میں VFS گلوبل نے دنیا کے سب سے بڑے ویزا ایپلیکیشن سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ یہ مرکز محفوظ عالمی نقل و حرکت کو فروغ دینے والی ٹیکنالوجی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہے، جو حکومتوں اور شہریوں کے لیے بااعتماد حل فراہم کرتا ہے۔

اس مرکز کا افتتاح دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل، ہلال سعید المری، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈنٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز - دبئی کے ڈائریکٹر جنرل، محمد احمد المری، اور VFS گلوبل گروپ کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر، زوبن کارکاریا نے مشترکہ طور پر کیا۔

ہلال سعید المری نے افتتاحی تقریب کے موقع پر کہاکہ، "یہ مرکز صرف ایک بنیادی ڈھانچے کی کامیابی نہیں بلکہ اس اسٹریٹجک سمت کی عکاسی ہے جسے دبئی عالمی نقل و حرکت کو آسان بنانے، مواقع کی راہیں کھولنے اور سیاحت و کاروباری معیشت کی ترقی کے لیے اختیار کر رہا ہے۔ دبئی اکنامک ایجنڈا D33 کے اہداف کی تکمیل کے لیے عالمی رسائی کو مزید ہموار بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔"

ہلال سعید المری کے مطابق ویزہ کی سہولت عالمی ٹیلنٹ کو متوجہ کرنے، سیاحتی ترقی، اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے لیے ایک کلیدی عنصر ہے، جو دبئی کو دنیا کا سب سے مربوط اور مستقبل کے لیے تیار شہر بنانے کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

محمد احمد المری نے کہاکہ، "آج ہم نے ایک ایسا سنگ میل عبور کیا ہے جو متحدہ عرب امارات اور بالخصوص دبئی کی برتری کی راہ میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ مرکز جدت کی نئی تعریف متعارف کرانے والے شہر کے قلب میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ہماری قیادت کے اس وژن کی عملی تصویر ہے جو عالمی معیار کی اسمارٹ خدمات کی فراہمی اور اعلیٰ کارکردگی پر مبنی حکومتی سروسز کے منفرد ماڈل کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے۔"

VFS گلوبل کے سی ای او زوبن کارکاریا نے کہاکہ، "2004 سے ہم متحدہ عرب امارات میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس مدت کے دوران ہم نے اس قوم کی غیرمعمولی ترقی اور جدت کو قریب سے دیکھا ہے۔ آج ہم دبئی کی تیز رفتار ترقی کے ہم قدم ہو کر فخر کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے ویزا اپلیکیشن سینٹر کا آغاز کر رہے ہیں، جو 200 سے زائد قومیتوں کو خدمات فراہم کرے گا۔"

تقریباً 1,50,000 مربع فٹ رقبے پر محیط یہ مرکز روزانہ 10,000 تک ویزا درخواستوں کو پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو کسی بھی واحد مقام پر دنیا کی سب سے بڑی گنجائش ہے۔ اس مرکز میں 25 سے زائد قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 400 سے زیادہ تربیت یافتہ ماہرین کام کر رہے ہیں۔