متحدہ عرب امارات: نجی شعبے کے اداروں کے لیے اماراتی ملازمتوں کے اہداف پورے کرنے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر

دبئی، 20 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی وزارت انسانی وسائل و ایمریٹائزیشن (MoHRE) نے اُن نجی کمپنیوں سے، جن کے ملازمین کی تعداد 50 یا اس سے زائد ہے، مطالبہ کیا ہے کہ وہ سال 2025 کی پہلی ششماہی کے لیے اماراتی شہریوں کے روزگار سے متعلق مقررہ اہداف 30 جون تک مکمل کریں۔ اس میں ہنر مند ملازمتوں میں اماراتی شہریوں کی شرح میں کم از کم 1 فیصد کا اضافہ شامل ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی سے وہ ان کمپنیوں کی جانچ شروع کرے گی تاکہ مقررہ اہداف کی تکمیل اور دیگر متعلقہ شرائط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا سکے، جن میں اماراتی ملازمین کو سوشل سیکیورٹی فنڈ میں رجسٹر کرنا اور مقررہ مالی شراکتوں کی بروقت ادائیگی شامل ہے۔

ان شرائط پر عملدرآمد کی صورت میں کمپنیاں مالی جرمانے سے بچ سکتی ہیں، بصورتِ دیگر خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر مالی واجبات عائد کیے جائیں گے۔

وزارت میں قومی ٹیلنٹ کے لیے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری، فریدہ العلی نے کہاکہ، "مزدور مارکیٹ کی نمایاں کارکردگی اور امارات کی تیز رفتار اقتصادی ترقی نجی شعبے کو امارات کاری کے اہداف کے حصول میں بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔" انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت وزارت اور "نافس" پروگرام کے درمیان مضبوط شراکت داری کا نتیجہ ہے۔

فریدہ العلی نے نجی شعبے کی جانب سے امارات کاری پالیسیوں میں مثبت شرکت اور اہداف کے حصول میں سنجیدہ کوششوں کو سراہا، جس کا قومی ترجیحی مقاصد پر خوش آئند اثر پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل 2025 کے اختتام تک نجی شعبے میں 28,000 کمپنیوں میں 1,36,000 سے زائد اماراتی شہری برسر روزگار ہیں، جو ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نجی کمپنیاں "نافس" پلیٹ فارم سے استفادہ کرتے ہوئے مطلوبہ اہداف کی تکمیل جاری رکھیں گی، کیونکہ یہ پلیٹ فارم ہنر مند اماراتی امیدواروں کا وسیع ذخیرہ فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت اُن کمپنیوں کو مراعات اور فوائد فراہم کرے گی جو امارات کاری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ ان مراعات میں "امارات کاری شراکت دار کلب" کی رکنیت، وزارت کی فیس میں 80 فیصد تک کی رعایت، اور سرکاری خریداری کے نظام میں ترجیحی حیثیت شامل ہے۔

وزارت نے جعلی امارات کاری یا اہداف کو نظرانداز کرنے کی کوششوں کا پتہ لگانے کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل فیلڈ انسپکشن سسٹم بھی تیار کیا ہے۔ مڈ 2022 سے اپریل 2025 تک کے دوران اس نظام کے ذریعے تقریباً 2,200 خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کی نشاندہی کی گئی، اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

وزارت انسانی وسائل و امارات کاری نے نجی شعبے میں امارات کاری کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کے لیے مختلف چینلز فراہم کیے ہیں، جن میں 600590000 پر کال سینٹر، اسمارٹ ایپلیکیشن، اور سرکاری ویب سائٹ شامل ہیں۔