ابوظہبی، 20 مئی، 2025 (وام)--"میک اٹ ان دی ایمریٹس" کے چوتھے ایڈیشن میں متحدہ عرب امارات کے سرکردہ سرمایہ کاری اداروں، مالیاتی اداروں اور کاروباری معاونین کی فعال شرکت نے اس ایونٹ کو صنعتی ترقی اور اقتصادی تنوع کے ایک مرکزی محرک کے طور پر اجاگر کیا ہے۔
یہ فورم ایڈنیک گروپ کے زیرِ اہتمام اور وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی کی میزبانی میں، وزارت ثقافت، ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس (ADIO)، اور ادنوک کے اسٹریٹجک اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے۔ ایونٹ 22 مئی تک ابوظہبی کے ایڈنیک سینٹر میں جاری رہے گا، جس میں 720 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں۔
نمائش میں ایک خصوصی زون قائم کیا گیا ہے جہاں ان اداروں کو یکجا کیا گیا ہے جو اماراتی صنعتی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان اداروں میں انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC)، فرسٹ ابوظہبی بینک (FAB)، شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی، ابوظہبی ایکسپورٹس آفس (ADEX)، کیزاد گروپ اور دیگر شامل ہیں۔
ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس میں چیف انڈسٹری و ٹریڈ آفیسر، محمد الکمالی نے کہاکہ، "یہ فورم متحدہ عرب امارات کے لیے عالمی صنعتی ترقی کا آغاز ہے۔ ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس بطور شریک میزبان، سرمایہ کاری کو فروغ دے کر، ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ کی حمایت کر کے، اور ابوظہبی کو ایک عالمی صنعتی مرکز کے طور پر مستحکم کر کے اس رفتار کو مزید تقویت دے رہا ہے۔"
AD پورٹس گروپ کے اکنامک سٹیز اینڈ فری زونز کے سی ای او، عبداللہ الحمَیلی نے کہاکہ، "کیزاد گروپ ابوظہبی کے اقتصادی تنوع کے وژن کی بنیاد پر جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے پائیدار صنعتی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ ہم علاقائی اور عالمی سطح پر کاروبار کو وسعت دینے کے لیے تیار صنعتی ماحول فراہم کر رہے ہیں۔"
مبادلہ کی یو اے ای انویسٹمنٹس پلیٹ فارم کے سی ای او، ڈاکٹر بخیت الکتھیری نے کہاکہ، "مبادلہ کے قیام سے لے کر اب تک ہمارا مقصد اقتصادی تنوع کو فروغ دینا اور متحدہ عرب امارات کی معیشت کی بنیادوں کو مضبوط بنانا رہا ہے۔ ہم قومی سطح پر مضبوط صنعتی ادارے قائم کر رہے ہیں جو عالمی سطح پر بھی نمایاں کردار ادا کریں۔"
ایج گروپ میں اسٹریٹجی اینڈ ایکسیلنس کے سینئر نائب صدر، احمد الخوری نے کہا، "یہ شراکت داری ایج کی جدید ٹیکنالوجی میں مہارت اور ایک خودکفیل صنعتی شعبے کے لیے قومی وژن کے درمیان ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم مقامی صلاحیتوں کو فروغ دے کر اور اختراعات کی نئی راہیں ہموار کر کے صنعتی معیار کی نئی مثالیں قائم کر رہے ہیں۔"
"میک اٹ ان دی ایمریٹس 2025" میں ان سرکردہ اداروں کی فعال موجودگی متحدہ عرب امارات کے اس جامع وژن کو نمایاں کرتی ہے، جس کے تحت پالیسی، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور اختراع کو یکجا کر کے صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ یہ ایونٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں حکومتی ادارے، سرمایہ کار اور صنعتی رہنما اکٹھے ہو کر مینوفیکچرنگ کے مستقبل کی تشکیل اور خطے میں نئے ترقیاتی مواقع پیدا کرنے پر غور کر رہے ہیں۔