ابوظہبی، 21 مئی، 2025 (وام)--اتحاد ایئرویز نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں نہ صرف ریکارڈ توڑ مالی نتائج حاصل کیے بلکہ صارف اطمینان کی بلند ترین سطح بھی ریکارڈ کی، جو کہ گزشتہ سال کی مضبوط کارکردگی کے تسلسل اور آمدنی، آپریشنل کارکردگی اور بیڑے میں توسیع میں مزید بہتری کا مظہر ہے۔
کمپنی کا سہ ماہی منافع بعد از ٹیکس 685 ملین درہم (187 ملین امریکی ڈالر) رہا، جو سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ ہے۔ یہ نمایاں بہتری مسافروں کی مضبوط طلب اور آپریشنل بہتری کے باعث ممکن ہوئی۔ کل آمدنی میں بھی 2024 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ مسافروں اور کارگو دونوں شعبوں کی ترقی کا نتیجہ ہے۔
اتحاد ایئرویز خطے میں مسافر نمو کے حوالے سے سرِفہرست رہی، اور سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 5.0 ملین مہمانوں کو سفر کرایا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ ہے۔ کمپنی نے دوسری سہ ماہی میں بھی اپنی ترقی کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔
گزشتہ 12 مہینوں کے دوران تقریباً 20 ملین مسافروں کے ساتھ اتحاد ایئرویز خطے کی تیزی سے ترقی کرنے والی ایئر لائن بن چکی ہے۔
سال کی پہلی سہ ماہی میں صارف اطمینان کی شرح میں بھی سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کمپنی کی مہمان نوازی، سروس اور مجموعی تجربے میں بہتری کا مظہر ہے۔
اتحاد ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، انتونوالدو نیویس نے کہا کہ کمپنی کو پہلی سہ ماہی میں تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن میں ریکارڈ منافع اور مہمانوں کی اطمینان بخش آراء شامل ہیں۔ اُن کے بقول، "685 ملین درہم کا ریکارڈ منافع اور صارف اطمینان کی اعلیٰ ترین سطح، ہماری مضبوط حکمتِ عملی اور ہماری ٹیم کی لگن کا ثبوت ہے۔"
انہوں نے کہا کہ اتحاد ایک واضح حکمت عملی پر کاربند ہے، جس میں پائیدار ترقی، مؤثر آپریشنز اور مہمانوں کو شاندار تجربہ فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ A321LR طیارے کی پیش رفت، آن بورڈ سروسز میں بہتری، اور ایئرپورٹ سہولیات کو اپ گریڈ کر کے اتحاد ہر پہلو میں معیار بلند کر رہی ہے۔
سال 2025 کے دوران اتحاد کے نیٹ ورک میں 16 نئی پروازوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جب کہ بیڑے میں بھی مزید طیارے شامل ہو رہے ہیں۔ مسافر آمدنی 16 فیصد اضافے کے ساتھ 5.5 ارب درہم (1.5 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی، جو صلاحیت میں اضافے، پروازوں کی تواتر، اور نیٹ ورک کی وسعت کا نتیجہ ہے۔
ایوی ایشن کے پیمانوں کے مطابق "آویلیبل سیٹ کلومیٹرز" (ASK) میں 14 فیصد اضافہ، اور "پسنجر لوڈ فیکٹر" 87 فیصد تک پہنچا، جو کہ ایک فیصد سالانہ اضافہ ہے۔
بیڑے میں توسیع کے تحت سہ ماہی کے اختتام پر اتحاد کے 98 طیارے آپریشن میں تھے، جن میں چھٹا A380 طیارہ دوبارہ شامل کیا گیا، جب کہ اپریل میں ایک اضافی A350-1000 طیارہ بھی کمپنی کو موصول ہوا۔
مارچ 2025 تک اتحاد 80 مقامات کے لیے پروازیں چلا رہا تھا، جب کہ سال بھر میں 16 نئی منزلوں کی شروعات کی جا رہی ہے تاکہ عالمی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دی جا سکے۔
کارگو آمدنی میں بھی سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اگرچہ حجم میں 4 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ بہتر منافع بخش نرخ اس اضافے کا باعث بنے۔
آپریشنل کارکردگی کا عکس EBITDA میں بھی دیکھا گیا، جو سالانہ بنیادوں پر 32 فیصد اضافے کے ساتھ 1.4 ارب درہم (379 ملین امریکی ڈالر) تک پہنچا، اور EBITDA مارجن 21 فیصد ہو گیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت سے 3 فیصد زیادہ ہے۔
مالی استحکام کی جانب پیش رفت جاری رکھتے ہوئے کمپنی کا "نیٹ لیوریج" 1.9x سے کم ہو کر 1.1x تک آ گیا، جو مجوزہ قرض ادائیگیوں اور مستحکم نقد بہاؤ کا نتیجہ ہے۔ آپریٹنگ کیش فلو بھی 1.8 ارب درہم (500 ملین امریکی ڈالر) تک پہنچ گیا، جو سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد اضافہ ہے۔