ابوظبی: شیخ شخبوط بن نہیان سے سینیگال کی قومی اسمبلی کے صدر کی ملاقات

ابوظہبی، 21 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مملکت شیخ شخبوط بن نہیان النہیان سے جمہوریہ سینیگال کی قومی اسمبلی کے صدر، مالک ندیائے نے وزارتِ خارجہ کے صدر دفتر ابوظہبی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور سینیگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا، اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا، بالخصوص افریقی براعظم میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔

فریقین نے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی جن میں باہمی دلچسپی کے معاملات شامل تھے۔ انہوں نے افریقہ اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کی حمایت کے لیے سفارتی کوششوں میں اضافہ اور مسلسل ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور سینیگال کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات کو سراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ دونوں اقوام اور ان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔