امارات چیریٹیبل ایسوسی ایشن کی عیدالاضحیٰ مہم 1446ھ / 2025 کا آغاز

راس الخیمہ، 21 مئی، 2025 (وام)--امارات چیریٹیبل ایسوسی ایشن نے سال 1446 ہجری / 2025 کے لیے عیدالاضحیٰ مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اسلامی کیلنڈر کے ان مقدس ترین ایام میں انسانیت دوست اثرات مرتب کرنا ہے، جو متحدہ عرب امارات اور بیرونِ ملک محتاج افراد کی مدد سے وابستہ ہیں۔

یہ مہم اماراتی معاشرے کی باہمی ہمدردی اور سخاوت پر مبنی اقدار کی مظہر ہے۔

اس سال مہم کے نمایاں اقدامات میں سے ایک بیرونِ ملک قربانی کا پروگرام ہے، جس کے تحت صرف 350 درہم میں ایک قربانی کا جانور عطیہ کیا جا سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 1,200 قربانیاں ان ممالک میں تقسیم کرے گی جہاں انسانی ضروریات زیادہ شدید ہیں، تاکہ ہزاروں مستحق خاندانوں کو عید کے موقع پر گوشت فراہم کیا جا سکے۔

ایسوسی ایشن نے ان افراد کے لیے بھی ایک خاص خدمت پیش کی ہے جو علیل، معذور یا مرحوم عزیزوں کی جانب سے حج ادا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ خدمت معتبر ایجنٹس کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے، اور اس کی فیس 3,000 درہم مقرر کی گئی ہے۔

مزید برآں، عید کے ایام میں یتیموں اور مستحق خاندانوں کو نئے کپڑے فراہم کرنے کے لیے عید کا لباس پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے، جو خوشی، عزت اور برکت کے پیغام کو اجاگر کرتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے ذوالحجہ کے ابتدائی دس دنوں کے دوران ایک خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے، جس کا عنوان, "وَلَيَالٍ عَشْر" (دس بابرکت راتیں)ہے۔ اس مہم کے تحت روزانہ ایک انسانی خدمت پر مبنی مختلف پروگرام پیش کیا جائے گا، جو معاشرے کے مختلف طبقات کو مقامی و بین الاقوامی سطح پر فائدہ پہنچائے گا۔

یہ پروگرامز جن پہلوؤں پر مشتمل ہوں گے ان میں مستحق خاندانوں کے لیے مالی معاونت، مساجد کی تعمیر، مریضوں کے لیے طبی امداد، یتیموں کی تعلیم اور خصوصی افراد (People of Determination) کے لیے امدادی اقدامات شامل ہیں۔

ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل، عبداللہ سعید التوناجی نے اس مہم کو اماراتی معاشرے میں راسخ ہمدردی اور یکجہتی کے اقدار کا عملی مظہر قرار دیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تمام پروگرامز کو نہایت احتیاط سے تیار کیا گیا ہے تاکہ امداد خواہ وہ ملک کے اندر ہوں یا بیرونِ ملک زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچ سکے۔