دبئی، 21 مئی، 2025 (وام)--دبئی کی قومی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم جون 2025 سے دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DAM) کے لیے براہِ راست روزانہ پروازیں شروع کر رہی ہے، جو کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کے ٹرمینل 2 سے روانہ ہوں گی۔
فلائی دبئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 12 سال کے تعطل کے بعد، دمشق کے لیے قومی سطح پر پروازوں کی بحالی ایک اہم سنگِ میل ہے۔ دمشق کو علاقائی سطح پر تاریخی و ثقافتی اہمیت کا حامل شہر قرار دیتے ہوئے کمپنی نے اس سروس کی بحالی کو متحدہ عرب امارات کی علاقائی ربط کو فروغ دینے کی کوششوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ فلائی دبئی نے دمشق کے لیے اپنی پہلی پرواز جون 2009 میں شروع کی تھی، اور یہ اس کے ابتدائی بین الاقوامی مقامات میں سے ایک تھا۔ پروازوں کی بحالی کا فیصلہ اپریل 2025 میں یو اے ای جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (GCAA) کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی سروس کی بحالی کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
فلائی دبئی کے مطابق، دمشق کے لیے پروازوں کی بحالی سے نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ فضائی کمپنی کے وسیع نیٹ ورک کے مسافروں کو شام کے لیے آسان اور براہ راست سفر کے مواقع میسر آئیں گے۔ کمپنی نے متعلقہ حکام کے ساتھ آپریشنل معیارات کی تکمیل کے لیے قریبی اشتراک کیا ہے تاکہ سروس کے دوبارہ آغاز سے قبل تمام انتظامی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دمشق روٹ کی بحالی عیدالاضحی اور موسمِ گرما کی تعطیلات سے قبل کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو بروقت اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔