ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس اور ربدان اکیڈمی کا اماراتی افرادی قوت کی تربیت کے لیے اسٹریٹجک معاہدہ

ابوظہبی، 21 مئی، 2025 (وام)--ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس (ADIO) نے ربدان اکیڈمی کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد ابوظبی کے صنعتی شعبے میں بااثر کیریئر کے لیے اماراتی نوجوانوں کو تیار کرنا ہے۔

یہ شراکت داری "میک اِٹ ان دی ایمریٹس فورم 2025" کے دوران اعلان کردہ ہے، جو ابوظہبی کی طویل المدتی معاشی تبدیلی کے سفر کے تناظر میں مسابقتی قومی افرادی قوت کی تیاری سے متعلق اس کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

ابوظہبی کی صنعتی ترقی کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے تناظر میں، یہ اشتراک ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس اور ربدان اکیڈمی کے اشتراک سے تربیتی اور سرٹیفکیشن پروگرامز پر مشتمل ہوگا، جو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں گے اور صنعتی ویلیو چین میں نجی شعبے کی ملازمتوں سے متعلق آگاہی کو فروغ دیں گے۔

یہ پروگرامز ایسے کلیدی شعبہ جات کے لیے تیار کیے گئے ہیں جن میں سلامتی، تحفظ، دفاع، ہنگامی تیاری اور بحران کے انتظام (SSDEC) شامل ہیں، تاکہ اماراتی نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

تربیت کے یہ پروگرام بالمشافہ تدریس، ڈیجیٹل لرننگ، اور لچکدار کورس اسٹرکچر کے امتزاج پر مشتمل ہوں گے، جو نہ صرف موجودہ افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں معاون ہوں گے بلکہ نئی نسل کی تیاری کو بھی تقویت دیں گے۔

یہ شراکت داری تحقیقی اشتراک، صنعت سے تعلق، اور قومی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کی سرگرمیوں کو بھی شامل کرے گی، تاکہ صنعتی شعبے میں مواقع سے متعلق فہم کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے چیف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری آفیسر، محمد علی الکمالی نے اس موقع پر کہا کہ، "ابوظہبی کے صنعتی وژن کے مرکز میں ایک ہنر مند اور بااختیار قومی افرادی قوت کی تیاری ہے۔ ربدان اکیڈمی کے ساتھ ہماری شراکت داری اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ اماراتی نوجوان ان مواقع کے لیے تیار ہوں جو امارت کی معاشی ترقی کو آگے بڑھاتے ہیں۔ یہ اشتراک تعلیم کو صنعتی طلب سے جوڑنے اور انسانی وسائل کو معاشی وژن کے مطابق ڈھالنے کا مظہر ہے۔"

ربدان اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آف سپورٹ سروس سیکٹر، حمد الزعابی نے کہا کہ، "یہ مفاہمتی یادداشت ایک اسٹریٹجک سنگِ میل ہے، جو متحدہ عرب امارات میں صنعتی اور سماجی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری اور عالمی صنعتی تبدیلیوں کے تناظر میں خصوصی پروگرامز کے فروغ سے متعلق ادارے کے سفر کا اہم حصہ ہے۔"

انہوں نے مزید کہا بتایاکہ، "ہمارا ہدف یہ ہے کہ اماراتی نسلوں کو ایسی مہارتیں فراہم کی جائیں جو تیزی سے بدلتے صنعتی حالات سے ہم آہنگ ہوں۔ ان میں نہ صرف دفاع اور تحفظ شامل ہے بلکہ تمام ترجیحی شعبے بھی شامل ہیں، تاکہ ابوظبی کو جدت اور پائیداری کا عالمی مرکز بنایا جا سکے۔"