چونگ چھنگ، 22 مئی، 2025 (وام)--ولی عہد عجمان اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، عزت مآب شیخ عمار بن حمید النعیمی نے چین کے شہر چونگ چھنگ میں واقع شہری منصوبہ بندی کی نمائش گاہ "چونگ چھنگ پلاننگ ایگزیبیشن ہال" کا دورہ کیا، جو یانگسی دریا کے جنوبی کنارے پر واقع جدید شہری ترقیات کی ایک نمایاں علامت ہے۔
یہ دورہ عزت مآب شیخ عمار بن حمید النعیمی کے جاری دورۂ چونگ چھنگ کا حصہ تھا، جس میں انہوں نے شہر کے بنیادی ڈھانچے اور شہری شناخت کو فروغ دینے سے متعلق پرعزم منصوبوں کا جائزہ لیا۔
شیخ عمار کو نمائش کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کا رقبہ 13,000 مربع میٹر سے زائد ہے۔ اس میں ملٹی میڈیا ہالز، انٹرایکٹو رومز، شہر کی منصوبہ بندی کے ماڈل، اور تھری ڈی ڈسپلے رومز شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ، "یہ نمائش اس امر کی قابلِ تقلید مثال ہے کہ کس طرح شہری منصوبہ بندی کو انسان اور ماحول دونوں کی خدمت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آج جو کچھ ہم نے دیکھا، وہ انجینئرنگ وژن اور ثقافتی گہرائی کا حسین امتزاج ہے، جو پائیدار اور اسمارٹ شہروں کے مستقبل کی بہتر سمجھ کی عکاسی کرتا ہے۔"
اس دورے کے دوران شیخ عمار کے ہمراہ شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی، چیئرمین محکمہ سیاحت و ترقیات عجمان؛ شیخ راشد بن عمار بن حمید النعیمی، نائب چیئرمین عجمان اسپورٹس کلب؛ اور عجمان حکومت کے اعلیٰ عہدیداران پر مشتمل ایک وفد بھی موجود تھا۔
نمائش جدید طرزِ تعمیر کو مقامی ثقافتی مناظر کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے پہاڑوں، دریاؤں، سڑکوں اور انسانوں کے درمیان ہم ربط کو مؤثر انداز میں پیش کرتی ہے۔
شیخ عمار نے شہری منصوبہ بندی میں اس نمائش کے کردار، سیاحت کے فروغ، عوامی آگاہی، اور قومی شناخت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اس کے مثبت اثرات کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے چین کے اہم ثقافتی ورثے کے مرکز "تھری جارجز میوزیم" کا بھی دورہ کیا، جو عوامی جمہوریہ چین میں تاریخی ورثے کے تحفظ کی ایک نمایاں علامت سمجھا جاتا ہے۔
میوزیم کے دورے کے دوران انہیں ادارے کی ڈیجیٹل، انٹرایکٹو اور ورچوئل ریئلٹی صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا، جو 30,000 مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے، نادر نوادرات، جدید نمائش ٹیکنالوجیز اور سالانہ 20 لاکھ سے زائد مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔