ابوظہبی، 25 مئی، 2025 (وام) – بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے اعلان کیا ہے کہ 1446 ہجری کے ذو الحجہ کا چاند منگل، 27 مئی کو اسلامی دنیا بھر میں دیکھا جائے گا۔
مرکز کے ڈائریکٹر اور ماہر فلکیات انجینئر محمد شوقات عوده کے مطابق چاند کی رویت وسطی و مغربی ایشیا، افریقہ کے بیشتر حصوں اور یورپ میں دوربین کے ذریعے ممکن ہو گی، جبکہ امریکہ کے بڑے علاقوں میں یہ چاند ننگی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا۔
فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیش گوئی کی گئی ہے کہ بدھ، 28 مئی کو ذو الحجہ کا پہلا دن ہوگا، اور اسی حساب سے جمعہ، 6 جون کو عید الاضحی منائے جانے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے واضح کیا ہے کہ یہ پیش گوئیاں فلکیاتی حساب و کتاب پر مبنی ہیں، جب کہ حتمی فیصلہ متعلقہ شرعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلان پر منحصر ہوگا۔