اوساکا، 25 مئی، 2025 (وام)--عجمان کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ عمار بن حمید النعیمی نے جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ایکسپو 2025 میں متحدہ عرب امارات کے پویلین کا دورہ کیا۔ یہ نمائش 13 اپریل سے 13 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی اور اس کا موضوع “ہماری زندگیوں کے لیے مستقبل کا سماج تشکیل دینا”ہے۔
اس موقع پر شیخ عمار کو پویلین کی تمام جھلکیوں اور خصوصیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جن میں امارات کے ثقافتی ورثے، خلا، صحت اور پائیدار ٹیکنالوجی میں جدت کی نمائندگی شامل تھی۔
دورے کے موقع پر ولی عہد کے ہمراہ موجود شخصیات میں عجمان محکمہ سیاحت و ترقیات کے چیئرمین شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی، عجمان اسپورٹس کلب کے نائب صدر شیخ راشد بن عمار النعیمی، امیری کورٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مروان عبید المحیری، ایگزیکٹو کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سعید سیف المطروشی، اور پروٹوکول و مہمانداری کے ڈائریکٹر جنرل یوسف النعیمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
پویلین کے دورے کے آغاز پر جاپان میں امارات کے سفیر اور ایکسپو 2025 میں پویلین کے کمشنر جنرل شہاب احمد الفہیم نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور ان کے ہمراہ پویلین کا معائنہ کرایا، جس کا موضوع "ارتھ ٹو ایتھر (زمین سے آسمان تک)" ہے۔
پویلین کی ساخت اور مواد میں روایتی اور جدید عناصر کا امتزاج نمایاں ہے۔ اس کا ڈیزائن کھجور کے درخت سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے، جو روایتی عریش طرز تعمیر کی جدید تشریح پیش کرتا ہے۔ مرکز میں 16 میٹر بلند 90 کھجور کی شاخوں پر مبنی نصب کاری موجود ہے، جو فن اور روایت کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔
شیخ عمار بن حمید النعیمی نے زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کی شرکت ثقافتی تبادلے کے فروغ اور قومی اقدار کے عالمی تعارف کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف دو ہفتوں میں پویلین کو 2,50,000 سے زائد زائرین نے دیکھا، جو اماراتی تجربے کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اور جاپان کے درمیان تعلقات پچاس سال سے زائد عرصے پر محیط ہیں، جن میں توانائی، تجارت، تعلیم، ثقافت، خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکسپو اوساکا میں شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اشتراک مزید مستحکم ہوگا اور ثقافتی مکالمے کے عالمی پل تعمیر ہوں گے۔
"ایکسپلوررز آف اسپیس" پلیٹ فارم کے دورے کے دوران ولی عہد کی ملاقات وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان اور اماراتی خلا نورد ڈاکٹر سلطان النیادی سے ہوئی۔ یہ پلیٹ فارم امارات کی خلائی کامیابیوں اور نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور سائنسی ترقی کے ذریعے بااختیار بنانے کی پالیسی کی نمائندگی کرتا ہے۔
اپنے دورے کے اختتام پر، ولی عہد عجمان نے پویلین پر کام کرنے والی ٹیموں اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شیخہ مریم بنت محمد بن زاید النہیان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا، جنہوں نے پویلین کے ڈیزائن کی نگرانی کی۔