ابوظبی، 26 مئی، 2025 (وام)--ابوظہبی گلوبل مارکیٹ کے فنانشل سروسز ریگولیٹری اتھارٹی (FSRA) نے "کامن رپورٹنگ اسٹینڈرڈ ریگولیشنز 2017" اور/یا "فارن اکاؤنٹ ٹیکس کمپلائنس ریگولیشنز 2022" کی خلاف ورزیوں پر 23 اداروں پر مجموعی طور پر 610,000 درہم کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
یہ ضوابط بین الاقوامی معیارات پر مبنی ہیں، جن کے تحت رپورٹنگ اداروں کو غیر ملکی اکاؤنٹ ہولڈرز کی معلومات جمع اور رپورٹ کرنا ضروری ہوتا ہے، تاکہ عالمی سطح پر ٹیکس چوری کی روک تھام کی جا سکے۔ ان ضوابط کی بنیاد پر متحدہ عرب امارات نے دیگر ممالک کے ساتھ بین الحکومتی معاہدے کیے ہیں، جن سے مالیاتی معلومات کے خودکار تبادلے کے ذریعے ٹیکس میں شفافیت کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔
فنانشل سروسز ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کیے گئے اقدامات میں ‘کامن رپورٹنگ اسٹینڈرڈ ریگولیشنز’ اور ‘فارن اکاؤنٹ ٹیکس کمپلائنس ریگولیشنز ’ قوانین کی متعدد خلاف ورزیاں شامل ہیں، جن میں بعض اداروں کی جانب سے رسک اسیسمنٹ جمع نہ کروانا، لازمی سالانہ معلومات رپورٹ نہ کرنا، واجب الادا احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا، معلومات کی نامکمل یا غلط رپورٹنگ، اور درست سیلف-سرٹیفیکیشن فارم نہ حاصل کرنا شامل ہیں۔
فنانشل سروسز ریگولیٹری اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایمانوئل گیواناکس نے کہا کہ ابوظہبی گلوبل مارکیٹ بین الاقوامی ٹیکس رپورٹنگ معیار کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نفاذی اقدامات متحدہ عرب امارات کی مالیاتی شفافیت اور بین الاقوامی معلومات کے تبادلے کے معاہدوں کے ساتھ وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنانشل سروسز ریگولیٹری اتھارٹی ان تمام اداروں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا جو ٹیکس چوری کے خلاف عالمی سطح پر طے کردہ تقاضوں کے مطابق ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکام رہتے ہیں۔
مزید معلومات اور تفصیلات کے لیے، 'کامن رپورٹنگ اسٹینڈرڈ ریگولیشنز' اور ‘فارن اکاؤنٹ ٹیکس کمپلائنس ریگولیشنز ’ سے متعلق جرمانہ نوٹسز ابوظہبی گلوبل مارکیٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔