ابیجان، 26 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ اور فیڈریشن آف یو اے ای چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے ایک اعلیٰ سطحی اقتصادی وفد نے آئیوری کوسٹ کے دارالحکومت ابیجان کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حمید محمد بن سالم نے کی۔
دورے کے دوران وفد نے آئیوری کوسٹ کی حکومت کے متعدد سینئر عہدیداران اور وزرا سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، بالخصوص اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
بات چیت میں سیاحت، قابلِ تجدید توانائی، بینکاری اور مالیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس دورے کا ایک اہم نتیجہ دونوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط تھا۔ یادداشت پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیکریٹری جفیڈریشن آف یو اے ای چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری حمید محمد بن سالم، اور آئیوری کوسٹ کی جانب سے صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فامان توری، نے دستخط کیے۔
اماراتی اقتصادی وفد میں وزارت خارجہ کے حکام، آئیوری کوسٹ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عزت مآب علی یوسف النعیمی، اور فیڈریشن آف یو اے ای چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ایج گروپ، پری سائٹ، امیا پاور، انفینیٹی پاور، عربین فالکن، اسپیس42، فرسٹ ابو ظبی بینک، اور ادنوک کے نمائندگان شامل تھے۔