ابوظہبی میں ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے فتویٰ کونسل کا اجلاس

ابوظہبی، 26 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ 1446 ہجری کے ماہ ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے کونسل کا اجلاس بروز منگل، 29 ذو القعدہ 1446 ہجری، بمطابق 27 مئی 2025، شام کے وقت شیخ زاید جامع مسجد ابو ظہبی میں منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس کونسل کی قومی ذمہ داریوں کے تحت بلایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، اجلاس کی صدارت عالم دین شیخ عبداللہ بن الشیخ المحفوظ بن بیہ کریں گے، جو کہ یو اے ای فتویٰ کونسل کے چیئرمین ہیں، جبکہ نائب چیئرمین ڈاکٹر عمر حبطور الدرعی سمیت اسلامی فقہ، قانونی علوم اور فلکیات کے ماہر اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس کے دوران چاند کی پیدائش، اقتران (conjunction) کے وقت، اور رؤیتِ ہلال کے امکان سے متعلق فلکیاتی اعداد و شمار اور سائنسی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا، جو کہ مختلف قومی اداروں اور متعلقہ ایجنسیوں سے حاصل کیے جائیں گے۔ ان معلومات میں ان جدید ترین رصدگاہوں (observatories) سے حاصل کردہ نتائج شامل ہوں گے جو جدید سمارٹ آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، اور جن سے منگل کی شام غروبِ آفتاب کے بعد چاند کی ممکنہ رؤیت کا مشاہدہ کیا جائے گا۔

ادھر فتویٰ کونسل نے ماہرین، روایتی ہلال بینوں، اور عام شہریوں و مقیم افراد سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ منگل، 29 ذو القعدہ 1446 ہجری، بمطابق 27 مئی 2025 کو غروبِ آفتاب کے بعد ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔