شیخ منصور بن زاید کی زیرصدارت ابو ظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

ابو ظہبی، 27 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدراتی امور کے چیئرمین، عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی زیرصدارت ابو ظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی (ADIA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ابو ظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان؛ اے ڈی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر، عزت مآب شیخ حامد بن زاید النہیان؛ صدراتی دفتر برائے اسٹریٹجک امور کے چیئرمین اور ابو ظہبی ایگزیکٹو آفس کے سربراہ، ڈاکٹر احمد مبارک المزروئی؛ محکمہ مالیات ابو ظہبی کے چیئرمین، جاسم محمد بوعتابہ الزعابی؛ اور اے ڈی آئی اے کے بورڈ ممبر، حمد محمد الحر السویدی بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران بورڈ نے ایجنڈے پر موجود متعدد اہم نکات کا جائزہ لیا، جن میں اتھارٹی کی کارکردگی رپورٹس اور حالیہ مدت کے دوران حاصل کردہ نمایاں کامیابیاں شامل تھیں۔ ساتھ ہی، عالمی مالیاتی منڈیوں کی تازہ ترین صورتحال اور رجحانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بورڈ نے اتھارٹی کی جانب سے حاصل کردہ مثبت مالیاتی نتائج کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو طویل المدتی وژن اور اسٹریٹجک اہداف کے مطابق مسلسل بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں۔