دبئی، 27 مئی، 2025 (وام)--دبئی کے دوسرے نائب حکمران اور دبئی میڈیا کونسل کے چیئرمین، عزت مآب شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم نے عرب دنیا کی مشترکہ آواز کو مضبوط بنانے اور خطے کا پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال پیغام عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے عرب میڈیا سمٹ میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود عرب وزرائے اطلاعات سے ملاقات کے دوران کہی، جو عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، نائب صدر، وزیر اعظم اور حکمران دبئی کی سرپرستی میں منعقد ہو رہا ہے۔
ملاقات کے دوران، جس میں دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن، عزت مآب شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم بھی موجود تھیں، شیخ احمد بن محمد نے عرب میڈیا کے مستقبل سے متعلق امور پر وزرا سے تبادلہ خیال کیا، بالخصوص ان امور پر جو عرب خطے اور اس کی اقوام کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا نہ صرف رائے سازی بلکہ علاقائی ترقی و استحکام کے لیے بھی ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کے ذریعے ایسے بیانیے تشکیل دینا ناگزیر ہو گیا ہے جو عرب دنیا کی بہتری اور خوشحالی کو فروغ دیں۔
شیخ احمد بن محمد نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر، وزیر اعظم و حکمران دبئی، عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میڈیا کو ترقی دینا اور میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد کو تعاون فراہم کرنا قومی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پائیدار ترقی، سماجی تبدیلی اور انسانی صلاحیتوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
عرب وزرائے اطلاعات نے بھی اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر عرب امور کی حمایت میں ادا کیے گئے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی جانب سے انسانی ترقی کے لیے جاری منصوبے اور اقدامات نہ صرف عرب دنیا بلکہ پوری دنیا کے لیے باعثِ تقلید ہیں۔ شرکاء نے دبئی میں منعقدہ عرب میڈیا سمٹ کو خطے میں میڈیا ڈائیلاگ کو فروغ دینے اور اہم شخصیات کو یکجا کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔
سمٹ کا مقصد میڈیا شعبے کے مستقبل کے لیے واضح وژن تیار کرنا، عرب نشاۃ ثانیہ میں اس کے کردار کو اجاگر کرنا، اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے خطے کے لیے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال مستقبل کی تشکیل کو ممکن بنانا ہے۔
ملاقات میں نیشنل میڈیا آفس اور یو اے ای میڈیا کونسل کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد؛ بحرین کے وزیر اطلاعات، ڈاکٹر رمضان بن عبداللہ النعیمی؛ لبنان کے وزیر اطلاعات، پال مرقص؛ اور دبئی میڈیا کونسل کی نائب چیئرپرسن، مونا غانم المری، جو دبئی پریس کلب کی صدر اور عرب میڈیا سمٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی چیئرپرسن بھی ہیں، شریک تھے۔