دبئی، 27 مئی، 2025 (وام)--دبئی کے دوسرے نائب حکمران اور دبئی میڈیا کونسل کے چیئرمین، عزت مآب شیخ احمد بن محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ عرب میڈیا سمٹ دبئی کے اس بلند و بصیرت پر مبنی وژن کی عملی تعبیر ہے، جس کا مقصد امارت کو علاقائی اور عالمی سطح پر میڈیا مکالمے کا مرکزی مرکز بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی عرب میڈیا کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عالمی سطح پر عرب نقطہ نظر کو پیشہ ورانہ و جدید انداز میں مؤثر طور پر پیش کرنے کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی میں جاری عرب میڈیا سمٹ کے موقع پر کیا، جو خطے کے نمایاں میڈیا شخصیات، پالیسی سازوں، اور مفکرین کو یکجا کرتا ہے۔
شیخ احمد بن محمد نے کہاکہ، "عرب میڈیا سمٹ اب ایک اسٹریٹجک پلیٹ فارم بن چکا ہے جو تعمیری مکالمے اور علم کے تبادلے کے دبئی کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔ سمٹ کا مقصد میڈیا کے جدید ذرائع کو ترقی دینا اور عالمی سطح پر ٹیکنالوجی، مواد کی تیاری، اور استعمال کے رجحانات میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کے تناظر میں اس شعبے کے مستقبل کی پیش بندی کرنا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی میڈیا سیکٹر کو ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں تخلیق کو فروغ ملے، نوجوان صلاحیتوں کو نکھارا جائے، اور علاقائی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری مضبوط کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دبئی کا مقصد ایسا مربوط میڈیا نظام تشکیل دینا ہے جو نہ صرف عرب خطے کی امنگوں سے ہم آہنگ ہو بلکہ عالمی میڈیا منظرنامے پر عرب موجودگی کو مؤثر طور پر اجاگر کرے۔
شیخ احمد بن محمد نے عرب دنیا کے سب سے بڑے میڈیا اجتماع کی متنوع سرگرمیوں، موضوعات کے تنوع، اور شرکت کرنے والی شخصیات کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل عرب میڈیا کے لیے ایک نئے آغاز کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، جو دنیا کے سامنے خطے کی حقیقی تصویر پیش کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔