متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی ایکسچینج ہاؤس پر 10 کروڑ درہم جرمانہ، منی لانڈرنگ روک تھام میں ناکامی پر کارروائی

ابوظہبی، 29 مئی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے وفاقی قانون نمبر (14) برائے 2018 کی دفعہ (137) کے تحت ایک ایکسچینج ہاؤس پر 10 کروڑ درہم کا مالی جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ قانون مرکزی بینک اور مالیاتی اداروں و سرگرمیوں کی تنظیم سے متعلق ہے، جس میں بعدازاں ترامیم بھی کی گئی ہیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ جرمانہ بینک کی جانب سے کی گئی تفصیلی جانچ پڑتال کے نتائج کی بنیاد پر عائد کیا گیا ہے، جس میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ ایکسچینج ہاؤس کی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی و غیرقانونی تنظیموں کی مالی معاونت کے خلاف فریم ورک میں سنگین خامیاں موجود ہیں، اور اس نے متعلقہ ضوابط کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔

مرکزی بینک نے واضح کیا کہ وہ اپنے نگرانی و ضابطہ جاتی اختیارات کے تحت اس امر کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ تمام ایکسچینج ہاؤسز، ان کے مالکان اور عملہ متحدہ عرب امارات کے قوانین، ضوابط اور مرکزی بینک کی جانب سے مقرر کردہ معیارات کی مکمل پاسداری کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مالیاتی لین دین میں شفافیت اور دیانتداری کو فروغ دینا اور ملک کے مالیاتی نظام کو ہر ممکن خطرے سے محفوظ رکھنا ہے۔