دبئی فٹنس چیلنج 2025 کا نوواں ایڈیشن نومبر میں "سالِ کمیونٹی" کے تحت منعقد ہوگا

دبئی، 2 جون، 2025 (وام)-- دبئی فٹنس چیلنج (DFC) کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال اس کا نواں ایڈیشن یکم سے 30 نومبر تک منعقد کیا جائے گا، جو متحدہ عرب امارات میں منائے جانے والے "سالِ کمیونٹی" کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔ اس موقع پر دبئی فٹنس چیلنج کی ایک جدید اور متحرک شناخت کا بھی اعلان کیا گیا، جو شہر کی صحت اور فلاح و بہبود پر اس اقدام کے مثبت اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ اعلان ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد ان سرکاری اداروں، اسکولوں، کارپوریٹ اداروں، شراکت داروں، فٹنس مراکز اور مقامی برادریوں کا شکریہ ادا کرنا تھا جنہوں نے اس سالانہ پروگرام کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔

دبئی اسپورٹس کونسل کے نائب چیئرمین اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے سی ای او خلفان بلحیول نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ آٹھ ایڈیشنز کے دوران 1.3 کروڑ سے زائد افراد نے دبئی فٹنس چیلنج میں شرکت کی۔ انہوں نے ان تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دبئی فٹنس چیلنج کی کامیابی کو ممکن بنایا۔

دبئی فٹنس چیلنج کو 2017 میں دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی قیادت میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ اقدام ان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ دبئی کو دنیا کے سب سے متحرک اور صحت مند شہروں میں تبدیل کیا جائے۔

یہ چیلنج نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ دبئی اکنامک ایجنڈا D33 کے مقاصد کو بھی تقویت دیتا ہے، جو دبئی کو عالمی سطح پر کاروبار اور طرزِ زندگی کے لیے ایک بہترین مقام بنانے کا ہدف رکھتا ہے۔

اس موقع پر خلفان بلحیول نے کہاکہ، “چونکہ 2025 کو سالِ کمیونٹی قرار دیا گیا ہے، مجھے یقین ہے کہ اس سال کا ایڈیشن ایک بار پھر خاندانوں، دوستوں اور اداروں کو صحت مند اور فعال زندگی کی مشترکہ جستجو میں متحد کرے گا۔”

دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ کے سی ای او احمد الخاجہ نے کہا کہ دبئی فٹنس چیلنج نے شہریوں میں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جو کہ D33 ایجنڈے کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے برانڈ کی شناخت اس اقدام کی متحرک روح اور مسلسل اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔

2025 کے چیلنج کا نمایاں کیلنڈر بھی جاری کیا گیا، جس میں 30 دن کی مفت اور شمولیتی سرگرمیاں، فٹنس ولیجز، کمیونٹی حبز، کلاسز اور پروگرامز شامل ہیں۔ اس سال ایک نیا فلیگ شپ ایونٹ "دبئی یوگا" کا اضافہ کیا گیا ہے، جو 30 نومبر کو غروبِ آفتاب کے وقت یوگا سیشن کے ساتھ چیلنج کا اختتام کرے گا۔

دوسرے اہم ایونٹس میں "دبئی رائیڈ" (2 نومبر کو، ڈی پی ورلڈ کی پیشکش)، "دبئی اسٹینڈ اپ پیڈل" (8-9 نومبر)، اور "دبئی رن" (23 نومبر، مائی دبئی کی پیشکش) شامل ہیں۔

2024 کے ایڈیشن میں ریکارڈ 2,735,158 افراد نے حصہ لیا، جو 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ تھا۔ ڈیٹا کے مطابق، 18 فیصد شرکاء نے جسمانی صحت میں بہتری محسوس کی، 15 فیصد نے ذہنی سکون اور 14 فیصد نے خوداعتمادی میں اضافہ اور بے چینی میں کمی کی اطلاع دی۔