عجمان کے حکمران کی جانب سے شام میں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت

عجمان، 4 جون (وام)--متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور امارت عجمان کے حکمران، عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی نے بین الاقوامی فلاحی تنظیم (آئی سی او) کو شام میں جاری مشکل حالات کے پیش نظر اپنی امدادی اور انسانی ہمدردی پر مبنی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ ہدایات شاہی دیوان میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران دی گئیں، جس میں عزت مآب کو تنظیم کی مختلف انسانی شعبوں میں سرگرمیوں اور شام کے متاثرہ علاقوں میں مشکل حالات میں زندگی گزارنے والے افراد کی امداد کے لیے جاری پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک میں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کو فراہم کی جانے والی معاونت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

یہ ملاقات عجمان کے حکمران اور بین الاقوامی فلاحی تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر خالد عبدالوہاب الخاجہ اور اُن کے ہمراہ آنے والے وفد کے درمیان ہوئی۔

عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی نے اس موقع پر شام کے عوام کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہمدردانہ اور امدادی رویے اماراتی قیادت اور عوام کے لیے کوئی نئی بات نہیں، بلکہ یہ اُن انسانی اقدار کا تسلسل ہیں جن کی بنیاد بانیٔ امارات مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان نے رکھی، جو ہمہ وقت دنیا بھر میں آفات اور جنگوں سے متاثرہ اقوام کی مدد کے لیے پیش پیش رہتے تھے۔

ڈاکٹر خالد الخاجہ نے عجمان کے حکمران کی ہدایات پر دلی شکرگزاری اور تحسین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام قیادت کی انسانی اقدار سے گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ضرورت مندوں کی مسلسل امداد ہی وہ بنیادی محرک ہے جو تنظیم کی فلاحی و ترقیاتی سرگرمیوں کو تقویت دیتا ہے، جن میں غذائی امداد کی فراہمی، صحت و تعلیم کی خدمات شامل ہیں۔

آئی سی او نے حالیہ دنوں میں عجمان کے حکمران کی رہنمائی میں شام میں متعدد امدادی منصوبے بھی نافذ کیے ہیں، جن میں غذائی پیکج کی تقسیم، عید کے لیے ملبوسات اور معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز شامل ہیں۔ تنظیم کے وفد نے متاثرہ علاقوں میں کنوؤں کی مرمت، اسکولوں کی از سرِ نو تعمیر، شمسی توانائی منصوبے اور دیگر ضروریات کا جائزہ بھی لیا ہے۔