ابوظہبی، 9 جون، 2025 (وام)--کلیولینڈ کلینک ابوظہبی نے متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ روبوٹک سائیٹو ریڈکٹیو سرجری بمعہ ہائپر تھرمل انٹراپریٹونیل کیموتھراپی (HIPEC) کامیابی سے انجام دی ہے۔ یہ کامیابی صحت کے شعبے میں ایک نمایاں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو ابوظبی کو جدید طبی سہولیات کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرتی ہے۔
یہ پیچیدہ آپریشن ایک 48 سالہ خاتون مریضہ پر انجام دیا گیا، جس کے دوران پیٹ میں ٹیومر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد اندرونی اعضا نکالے گئے۔
یہ جدید سرجری کلیولینڈ کلینک ابوظبی کے ڈائجسٹو ڈیزیز انسٹی ٹیوٹ سے منسلک اور امریکی فیلو شپ یافتہ سرجیکل آنکولوجسٹ ڈاکٹر یاسر اکمل اور ایک ہمہ شعبہ جاتی ٹیم نے انجام دی۔
عالمی سطح پر اپنڈکس کے ٹیومر 1 فیصد سے بھی کم کینسرز میں شمار ہوتے ہیں اور عام طور پر ان کی تشخیص اپنڈیکس نکالنے کی سرجری کے دوران صرف 1.4 فیصد مریضوں میں ہوتی ہے۔
مریضہ ابتدائی طور پر اپنڈیسائٹس سے مشابہ علامات کے ساتھ ہسپتال پہنچی تھیں، جس کے بعد ان کا اپنڈکس نکالا گیا۔ دورانِ سرجری ڈاکٹرز نے پیٹ کے اندر جیلی نما مواد کی موجودگی دریافت کی، جس کے بعد کیے گئے پیتھالوجی تجزیے سے معلوم ہوا کہ مریضہ کو ایک نایاب قسم کے کم-گریڈ میوسی نَس نیوپلازم کا سامنا تھا۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جاتا تو یہ ٹیومر پورے پیٹ میں پھیل سکتا تھا اور مریضہ "پیسیوڈو مائیوکسوما پیریٹونائی" یا "جیلی بیلی" نامی بیماری میں مبتلا ہو سکتی تھیں۔
کلیولینڈ کلینک ابوظہبی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جارج-پاسکل ہیبر نے کہا کہ ادارہ روبوٹک سرجری میں مسلسل جدت لا رہا ہے، اور اس نوعیت کے پیچیدہ آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ کم سے کم تکلیف دہ طریقوں کو فروغ دے کر مریضوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ٹیومر کے نکالے جانے کے بعد مریضہ کو 'HIPEC' علاج فراہم کیا گیا، جس کے تحت 42 ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت پر گرم کیموتھراپی کو 90 منٹ تک پیٹ کے اندر گردش میں رکھا گیا تاکہ باقی ماندہ کینسر خلیات کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر یاسر اکمل نے واضح کیا کہ مریضہ کی بیماری اگرچہ ایک ترقی یافتہ مرحلے پر تھی، مگر ابھی بھی قابل علاج تھی۔ انہوں نے کہا کہ وقت پر تشخیص، ہمہ جہتی طبی ٹیم کا تعاون، اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے خصوصی تشخیصی آلات کی مدد سے ٹیومر کے مکمل خاتمے کا عمل مؤثر طریقے سے انجام دیا گیا۔