دبئی میں گیمنگ انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں کی تعداد 350 سے تجاوز کر گئی، "ڈی پی جی 33" پروگرام کے تحت نمایاں ترقی

دبئی، 9 جون (وام) – دبئی فیوچر فاؤنڈیشن (ڈی ایف ایف) کے زیر نگرانی "دبئی پروگرام فار گیمنگ 2033" (ڈی پی جی 33) کے تحت جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، دبئی میں گیمنگ انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں کی تعداد 350 سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں سے 260 کمپنیاں خصوصی طور پر گیم ڈویلپمنٹ کے شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں اُس عالمی صنعت کا حصہ ہیں جس کی مالیت 200 ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے۔

پروگرام کے نومبر 2023 میں آغاز کے بعد سے دبئی میں 60 سے زائد نئی کمپنیاں قائم کی جا چکی ہیں، جن میں 12 فیصد کا شمار بڑی عالمی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ اس لحاظ سے پروگرام کے آغاز کے بعد سے گیمنگ سیکٹر میں ترقی کی شرح 16.6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ دبئی میں گیمنگ انڈسٹری حالیہ برسوں میں ابھرتے ہوئے اقتصادی شعبوں میں سے ایک کے طور پر سامنے آئی ہے۔

دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، خلفان بلهول نے کہا کہ دبئی کی گیمنگ انڈسٹری میں ہونے والی حالیہ پیش رفت، شہر کے اُس وژن کی کامیابی کا مظہر ہے جو مستقبل کی معیشت کو اقتصادی تنوع، اور موجودہ و آئندہ ترقیاتی مواقع میں فعال سرمایہ کاری کی بنیاد پر تشکیل دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیمنگ سیکٹر بے مثال اقتصادی امکانات کا حامل ہے، اور دبئی ہمیشہ سے جدت پسندوں اور تخلیق کاروں کے لیے مواقع کی سرزمین رہا ہے اور رہے گا۔ یہ صنعت جدید ٹیکنالوجی کے شعبے، خاص طور پر گیم ڈویلپمنٹ میں نئے خیالات اور کاروباری افراد کے لیے ایک معاون ماحول فراہم کرتی ہے، جو نہ صرف دبئی کی عالمی مسابقتی حیثیت کو مستحکم کرتی ہے بلکہ دبئی اکنامک ایجنڈا (D33) کے اہداف کے حصول میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع، اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین، عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے نومبر 2023 میں "دبئی پروگرام فار گیمنگ 2033" کا افتتاح کیا تھا، جس کا مقصد دبئی کو آئندہ دہائی کے دوران دنیا کے دس بڑے گیمنگ مراکز میں شامل کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 2033 تک 30,000 نئی ملازمتوں کی تخلیق اور جی ڈی پی میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔

ڈی پی جی 33 کا محور باصلاحیت افراد اور کاروباری صلاحیتوں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری کا فروغ ہے۔ اس کے علاوہ عالمی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تربیتی اور ملازمت کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ پروگرام کے تحت مقامی و بین الاقوامی تقریبات، نمائشوں اور شراکت داریوں کا انعقاد بھی عمل میں آ رہا ہے، جو دبئی اور عالمی سطح پر افراد، کاروباری اداروں، اور ضابطہ کار تنظیموں کے مابین تعاون کو مضبوط بناتے ہیں۔