ابوظہبی، 9 جون (وام)--متحدہ عرب امارات کے ممتاز ٹیلی کمیونیکیشن ادارے e& کے ماتحت e& یو اے ای نے لائیو 5G نیٹ ورک پر 600 میگا بٹ فی سیکنڈ (Mbps) کی اپ لنک رفتار حاصل کر کے کنیکٹیوٹی کے میدان میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جو 5G-ایڈوانسڈ ارتقا میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
یہ نمایاں کامیابی FR1 بینڈز (2100 میگاہرٹز اور سی-بینڈ) کی ایگریگیشن اور اپ لنک 3Tx (تین اینٹینا کی ترسیل) کی بدولت حاصل ہوئی، جو ایک تجارتی کسٹمر پریمیسز ایکوئپمنٹ (CPE) پر ایک لائیو 5G سائٹ پر انجام دی گئی۔ یہ سارا عمل 3GPP ریلیز 17 کے معیارات کے مکمل مطابق تھا۔
یہ ریکارڈ قائم کرنے والی اپ لنک رفتار 5G-ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کا بنیادی ستون ہے، جو اپ لنک پر مبنی ایپلی کیشنز کو بے مثال کارکردگی فراہم کرتی ہے۔ FR1 بینڈ ایگریگیشن اور جدید اپ لنک ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر کے e& یو اے ای نے 5G کے معیار میں عالمی قیادت کا مقام حاصل کر لیا ہے۔
e& یو اے ای کے نائب صدر برائے فکسڈ ایکسیس نیٹ ورک، عبدالرحمن الحمیضان نے اس موقع پر کہا کہ، "600 Mbps کی اپ لنک رفتار حاصل کرنا محض ایک ٹیکنیکل کامیابی نہیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا کی تشکیل نو کے لیے ایک مضبوط سنگِ بنیاد ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کو عالمی ٹیکنالوجی کے صفِ اوّل میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ رفتار ایسی ایپلی کیشنز کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گی جن میں اپ لنک کا کردار مرکزی ہو، مثلاً اسمارٹ فیکٹریز اور لاجسٹکس ہبز جو بڑے پیمانے پر سینسر ڈیٹا کو حقیقی وقت میں اپ لوڈ کر کے مصنوعی ذہانت پر مبنی آٹومیشن اور تجزیے کو ممکن بناتے ہیں۔
اسی طرح کلاؤڈ پر مبنی تعاون میں بھی جدت آئے گی، جہاں 3D ماڈلنگ، آگمینٹڈ ریئلٹی (AR) اور ورچوئل ریئلٹی (VR) جیسے شعبے فوری اپ لوڈنگ کے ذریعے ترقی پائیں گے۔ سمارٹ شہروں میں لائیو ویڈیو اینالٹکس اور ڈرون سرویلنس جیسی ایپلی کیشنز بروقت اپ لوڈنگ کے باعث مؤثر فیصلوں میں معاون ہوں گی۔
صارفین کے لیے بھی یہ پیش رفت انقلابی ثابت ہو گی، کیونکہ 8K ویڈیوز اور لائیو اسٹریمنگ جیسے مواد کو یوٹیوب یا ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز پر چند سیکنڈز میں اپ لوڈ کیا جا سکے گا۔ گیمنگ میں وقفے کے بغیر کلاؤڈ کنیکٹیویٹی حاصل ہو گی، جبکہ سمارٹ ہومز ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز اور آئی او ٹی ڈیٹا کو فوری اپ لوڈ کر سکیں گے۔
اپ لنک پر مبنی ایپلی کیشنز جیسے ورچوئل ایونٹس کی میزبانی اور یوزر جنریٹڈ AR مواد کی تخلیق میں بھی اضافہ ہو گا، جس سے ہر ڈیجیٹل تعامل مزید مؤثر اور دلچسپ بن جائے گا۔
یہ ریکارڈ 3GPP ریلیز 17 کے تحت موبائل براڈ بینڈ (eMBB) اور انتہائی قابل اعتماد کم تاخیر کی کمیونی کیشن (URLLC) جیسی جدید خصوصیات کو بروئے کار لاتے ہوئے حاصل کیا گیا ہے، جو اس کامیابی کو مستقبل کے لیے مستحکم بنیاد فراہم کرتا ہے۔
تجارتی CPE اور لائیو 5G سائٹ پر اس جدت کا مظاہرہ e& یو اے ای کی وژن کو حقیقت میں بدلنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ FR1 2100MHz اور C-band کی بہتر ایگریگیشن اور 3Tx اپ لنک کے ساتھ، e& یو اے ای نے ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے جو ڈیجیٹل امکانات سے بھرپور ہو گا۔
جیسے ہی اس نوع کی CPE ڈیوائسز وسیع پیمانے پر دستیاب ہوں گی، e& نہ صرف صارفین بلکہ اداروں کو بھی بااختیار بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہو گا۔