ابوظہبی، 9 جون (وام)--الاتحاد ایئر ویز اور ایتھوپین ایئرلائنز نے باہمی کوڈ شیئر معاہدہ فعال کر دیا ہے، جس کے تحت افریقہ، ایشیا، آسٹریلیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید وسعت دی گئی ہے۔
یہ دو طرفہ شراکت داری دنیا بھر کے مسافروں کے لیے سفری مواقع میں اضافہ کرے گی، اور اس کے تحت نشستوں کی بکنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایتھوپین ایئرلائنز 15 جولائی سے ادیس ابابا بولے انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ADD) سے ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ (AUH) کے لیے پروازوں کا آغاز کرے گی، جبکہ الاتحاد ایئر ویز 8 اکتوبر سے ادیس ابابا کے لیے روزانہ پروازیں متعارف کروائے گی۔
یہ شراکت داری مارچ 2025 میں دونوں ایئرلائنز کے درمیان طے پانے والے مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر) کی عملی صورت گری کا ابتدائی مرحلہ ہے، جو مسافروں کے لیے دونوں نیٹ ورکس کے درمیان مزید وسیع مواقع فراہم کرے گا۔
کوڈ شیئر معاہدے کے تحت مسافروں کو سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ ایک ہی بکنگ کے تحت مکمل سفر طے کر سکیں، جس میں ابتدائی مقام سے سامان کی آخری منزل تک منتقلی بھی شامل ہے، یوں سفر نہایت آسان اور مربوط ہو جائے گا۔
الاتحاد ایئر ویز کے چیف ریونیو اور کمرشل آفیسر، اریک دے نے کہا کہ، "ہم اپنے مشترکہ نیٹ ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے افریقہ، ایشیا، آسٹریلیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان بلاتعطل سفری مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ابوظہبی اور ادیس ابابا کے ذریعے آسان روابط تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے اور دونوں ایئرلائنز کے مسافروں کو بہترین سفری تجربہ فراہم کریں گے۔"
اس شراکت داری کے تحت، الاتحاد ایئر ویز کے مسافر ایتھوپین ایئرلائنز کے وسیع افریقی نیٹ ورک سے مستفید ہو سکیں گے، جس میں ادیس ابابا کے ذریعے 33 ممالک کے 55 شہروں جیسے انٹبے، کنشاسا، کِگالی، لوساکا، ہرارے اور وکٹوریا فالس تک رسائی ممکن ہو گی۔
اسی دوران، ایتھوپین ایئرلائنز کے مسافر بھی ابوظہبی کے ذریعے الاتحاد ایئر ویز کی پروازوں پر بکنگ کر سکیں گے، جس کے تحت ایشیا، آسٹریلیا اور مشرق وسطیٰ کے 20 اہم شہروں جیسے سڈنی، کربی، کولمبو اور پنوم پینھ تک پروازیں دستیاب ہوں گی۔
افریقی خطے میں ہوائی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدِنظر رکھتے ہوئے، الاتحاد ایئر ویز 2025 کے دوران اپنے نیٹ ورک کو نمایاں طور پر وسعت دے رہا ہے، جس میں نئی منزلوں کا اضافہ اور پروازوں کی تعداد میں اضافہ شامل ہے، تاکہ براعظم کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔